بھارتی بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو بڑا ریلیف، 3 لاکھ آمدن پر صفر ٹیکس
شیئر کریں
بھارت میں بجٹ 2024 میں نوکری پیشہ طبقہ کو ٹیکس کی مد میں بڑی چھوٹ دی گئی ہے اسی طرح اسٹینڈرڈ ڈیڈکشن میں اضافہ کرکے 50 ہزار سے بڑھا کر 75 ہزار کردیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق مودی کی نئی حکومت کا پہلا بجٹ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے نوکری پیشہ طبقے کو بڑی خوش خبری سنا کر پیش کردیا۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ اس کے باوجود کہ ٹیکس سلیب میں تبدیلی سے حکومت کو 37000 کروڑ روپے کا نقصان ہوگا، ہم تنخواہ دار اور متوسط طبقے کے ٹیکس سلیب میں تبدیلی کے دیرینہ مطالبے کو پورا کرنے جا رہے ہیں۔نرملا سیتا رمن نے مزید کہا کہ اس ٹیکس سلیب میں تبدیلی سے 4 کروڑ ٹیکس دہندگان مستفید ہوں گے۔ نئے ٹیکس نظام میں 3 لاکھ روپے تک کی آمدنی پر صفر ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔اسی طرح 3 سے زائد اور 7 لاکھ روپے کی آمدنی پر 5 فیصد، 7 سے 10 لاکھ روپے کی آمدنی پر 10 فیصد، 10 سے 12 لاکھ روپے پر 15 فیصد اور 12 سے 15 لاکھ روپے سالانہ آمدنی پر 20 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا۔وزیر خزانہ کے بقول 15 لاکھ روپے سے زیادہ کمانے والوں کو 30 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔