اداروں اور سیاسی جماعتوں کو مل کر چلنا ہوگا ، چینی وزیر لیوجیان چاؤ
شیئر کریں
چینی کمیونسٹ پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن اور وزیر لیوجیان چاؤ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے اداروں اور سیاسی جماعتوں کو مل کر چلنا ہوگا، ترقی کے اہداف کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے ۔یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ پاک چین مشاورتی میکنزم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چین کے وفد سمیت نائب وزیرعظم وزیر خارجہ اسحاق ڈار، ن لیگ کے وزرا، پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور رہنما بھی موجود تھے ۔چینی وزیر لیو جیان چاؤ نے کہا کہ پاک چین مشاورتی میکنزم اجلاس کا انعقاد خوش آئند ہے ، چینی قیادت دونوں ممالک کی دوستی کو اہمیت دیتی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو نئی جہت تک پہنچانے کی خواہاں ہے ، پاکستان اور چین ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہے پاکستان اور چین کی ترقی سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچے گا پاک چین معاہدوں سے ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے اداروں اور سیاسی جماعتوں کو مل کر چلنا ہے ، ترقی کے اہداف کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے۔چینی وزیر نے کہا کہ پاک چین دوستی کی بنیاد عوامی حمایت کی مرہون منت ہے ، میڈیا ، طلبا اور نوجوانوں کے وفود کے تبادلے کے لیے تیار ہیں، وزیراعظم شہباز شریف اور ہماری قیادت کے درمیان سی پیک کی اپ گریڈیشن پر اتفاق ہوا ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے لیے سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانا ہوگا کیوں کہ بہتر سیکیورٹی کی وجہ سے ہی تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے ۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ چینی وفد اور اور وزیر کو خوش آمدید کہتے ہیں، ہمارے اس دورے اور اجلاس میں مفید باتیں ہوئیں، چینی وفد کا دورہ باہمی اعتماد میں اضافے کا سبب بنے گا۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ سی پیک دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا نیا ورژن ہے سی پیک پر تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔