تربت میں پاک بحریہ ائیربیس پر حملہ ناکام، 4 دہشت گرد ہلاک، ایک سپاہی شہید
شیئر کریں
سیکیورٹی فورسز نے تربت میں پاک بحریہ کے ائیر بیس پی این ایس صدیق پر دہشتگرد حملے کی کوشش ناکام بنادی، فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک کر دیا جبکہ ایک سپاہی شہید ہوگیا ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق 25 اور 26 مارچ کی درمیانی شب دہشت گردوں نے تربت میں پاکستان نیول بیس پی این ایس صدیق پر حملہ کی کوشش کی جسے سیکیورٹی اہلکاروں نے موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ بحری دستوں کی مدد کے لیے اطراف میں موجود سیکیورٹی فورسز کو فوری طور پر متحرک کیا گیا، مسلح افواج کی مربوط اور موثر جوابی کارروائی کے دوران مشترکہ کلیئرنس آپریشن میں چاروں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران فرنٹیئر کور بلوچستان کے سپاہی نعمان فرید نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرلیا، 24 سالہ سپاہی نعمان فرید شہید کا تعلق مظفرگڑھ سے ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے دہشت گرد کا قلع قمع کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔