2023ء میں اب تک 65 لاکھ پاسپورٹ جاری کیے گئے، ڈی جی پاسپورٹس
شیئر کریں
ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس مصطفی جمال قاضی نے کہا ہے کہ سال 2023 میں اب تک 65 لاکھ پاسپورٹ جاری کیے گئے، 2027 سے پاکستان میں ای پاسپورٹ کا اجرا لازمی ہوجائے گا۔ اس سلسلے میں تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ کراچی پاسپورٹ آفس کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی پاسپورٹس نے کہا ہے کہ حالیہ رائج مشین ریڈایبل پاسپورٹ کو ای پاسپورٹ پر منتقل کرنے کا کام جاری ہے جس کے لیے نیا سسٹم آئندہ 6 سے 7 ماہ میں انسٹال کردیا جائے گا جبکہ 2027 میں ای پاسپورٹ لازمی ہو جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اعلی سطح کی ٹاسک فورس افغانیوں کو جاری کیے گئے 12 ہزار پاکستانی پاسپورٹ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ مصطفی جمال قاضی نے کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر کا مسئلہ حل کر لیا گیا۔ پاسپورٹ کی پرنٹنگ کے لئے درکار لیمینیشن پیپر کی وافر مقدار حاصل کرلی گئی جس کے بعد پاسپورٹ کا اجرا معمول پر آ گیا۔