جہیز: خاندانی ادارے کے لیے عظیم چیلنج
شیئر کریں
محمد شاہ نواز عالم قاسمی
عصر حاضر میں خاندانی ادارے کو جن چیلنجوں کا سامنا ہے ان سب کا احاطہ تو شاید ممکن نہ ہو، ہرمعاشرے میں یہ چیلنج ایک دوسرے سے مختلف ہیں، بلکہ بعض حالات میں متضاد بھی۔ مثلاً کہیں جہیز کا اژدہا بے شمار جوانیوں کوچاٹ جاتا ہے اور ہزاروں لاکھوں کی تعداد میں عفت مآب دوشیزائیں ہوس پرست نوجوانوں اور ان کے والدین کی ہل من مزید کی خواہشات کی بھینٹ چڑھ جاتی ہیں۔ دوسری طرف کوئی باپ اپنی جوان بیٹی کی زیادہ سے زیادہ قیمت وصول کرنے کے لیے دندانِ حرص تیز کررہا ہوتا ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اِن دو طرفہ ہوس پرستوں کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا:عورت سے نکاح چار اسباب کی بنیاد پر کیاجاتا ہے:اس کے مال کی وجہ سے، اس کے حسب و نسب کے باعث، اس کے حسن وجمال کے سبب سے اور اس کے دین کے تعلق سے؛ لہٰذا تم دین دار خواتین کو منتخب کرو۔ (مسلم شریف: ۱۶۶۲، بخاری شریف: ۰۰۷۴)
نیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:جب کوئی ایسا شخص جس کے دین اوراخلاق پسندیدہ ہوں نکاح کا پیغام دے تو اس سے نکاح کردیا کرو، بصورتِ دیگر زمین میں فتنہ وفساد برپاہوگا۔ (سنن الترمذی: ۴۰۰۱)
نکاح کے لیے مال ودولت کو معیار بنانا اللہ تعالیٰ کو پسند ہے اورنہ آپ کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو، ارشاد ربانی ہے:اگر وہ غریب ہوں تو اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے ان کو غنی فرمادے گا۔ (النور:۸۱=۲۳)
جہیز کی حقیقت
جہیز اور بری یہ دونوں درحقیقت زوج (لڑکے والوں کی) طرف سے زوجہ یا اہل زوجہ کو ہدیہ ہے اور جہیز جو درحقیقت اپنی اولاد کے ساتھ صلہ رحمی ہے فی نفسہ امر مباح بلکہ مستحسن ہے۔ (اصلاح الرسوم،ص:۶۵)
اگر خدا کسی کو دے تو بیٹی کو خوب جہیز دینا برا نہیں، مگر طریقے سے ہونا چاہیے، جولڑکی کے کچھ کام بھی آئے۔ (حقوق البیت،ص:۲۵)
جہیز میں قابل لحاظ امور
جہیز میں اس امر کا لحاظ رکھنا چاہیے:اوّل تو اختصار یعنی گنجائش سے زیادہ کوشش نہ کرے۔
دوم:یہ کہ ضرورت کا لحاظ کرے؛ یعنی جن چیزوں کی ضرورت فی الحال ہو وہ دینا چاہیے۔
سوم:یہ کہ اعلان نہ ہو؛ کیوں کہ یہ تواپنی اولاد کے ساتھ صلہ رحمی ہے دوسروں کو دکھلانے کی کیاضرورت ہے؟ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے فعل سے جو اس روایت میں مذکور ہے تینوں امر ثابت ہیں۔ (اصلاح الرسوم،ص:۳۹)
حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالی عنہا کا جہیز
سیّدۃ النساء حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کا جہیز یہ تھا:دو یمنی چادر، دو نہالی جس میں اَلْسِی کی چھال بھری تھی، چار گدے، چاندی کے دو بازوبند، ایک کملی، ایک تکیہ، ایک پیالہ،ایک چکی، ایک مشکیزہ اور پانی رکھنے کا برتن یعنی گھڑا اور بعض روایتوں میں ایک پلنگ بھی آیا ہے۔ (ازالۃ الخفا واصلاح الرسوم،ص:۳۹)
حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالی عنہا کے جہیز کی حقیقت
ہمارے معاشرے میں جب جہیز کی بات آتی ہے تو سارے عہد نبوی سے ایک سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کی اکلوتی مثال کو اس قدر زور بیان اور قوت استدلال فراہم کردیاجاتا ہے، گویا سنت نبوی کا تمام ترانحصار اسی پر ہے۔ سیّدہ فاطمہ رضی اللہ تعالی عنہا کے اسباب کے ذریعے جہیز کو مسنون ثابت کرنے والے شاید یہ بھول جاتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اور دیگر صاحب زادیاں تھیں، آپ نے اُنھیں کتنا سامانِ جہیز دیا، اگر نہیں دیا ہے تو کیاوجہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یہ تلقین فرمارہے ہیں:اولاد کو عطیہ دینے میں مساوات کو پیش نظر رکھو۔ (بیہقی)
ایک صحابی نعمان بن بشیررضی اللہ تعالی عنہ اپنے ایک بیٹے کو عطیہ دینے کے سلسلے میں گواہ بنانے حاضر ہوئے توآپ نے پوچھا:کیا ساری اولاد کو اسی طرح کے عطیات دے رہے ہو؟ اُنھوں نے کہا:نہیں، تو آپ نے فرمایا:اللہ سے ڈرو اور اولاد کے بارے میں انصاف سے کام لو، کسی ایک کو دینا دوسرے کو نظر انداز کردینا ظلم ہے اور میں ظلم پر گواہ نہیں بن سکتا۔ (متفق علیہ)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاں یہ معاملہ آتاہے تو ایک بیٹی کو جہیز دے کر روانہ کرتے ہیں اور دوسری بیٹیوں کو نظرانداز کردیتے ہیں حال آں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:میں انصاف نہیں کروں گا تو کون انصاف کرے گا؟
بخدا دامنِ نبوت ہر قسم کی نا انصافی سے پاک ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اگر صحیح روایت سے یہ ثابت ہوجائے کہ آپ نے سیّدہ فاطمہ رضی اللہ تعالی عنہا کے گھرکا سامان اپنے پاس سے دیا اور اُن چار سو اسی درہم سے نہیں خریدا گیاجو حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ نے اپنا واحد اثاثہ غزوۂ بدر میں ملنے والی زرہ کو فروخت کرکے حاصل کیاتھا تو بھی صورتِ حال علیحدہ تھی۔
بعثت ِنبوی سے پہلے کی بات ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کواپنے چچا ابوطالب کی معاشی تنگی کا شدت سے احساس تھا، ایک روز آپ نے اپنے دوسرے چچا حضرت عباس رضی اللہ عنہ سے کہا:آئیے ہم ان کی مدد کرتے ہیں اور وہ اس طرح کہ ان کا ایک بیٹا میں لے لیتاہوں ایک آپ لے لیں۔ اس طرح ان کی معاشی ذمے داری کم ہوجائے گی؛ چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ کی کفالت کی ذمہ داری لی جو شادی تک آپ کے ساتھ رہے۔ چونکہ حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ کی کفالت آپ کے ذمے تھی؛ اِسی لیے مدینہ منورہ میں مواخات کے موقع پر جب ایک ایک انصاری اور ایک مہاجر کو بھائی بنایاگیا توآپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ کا ہاتھ پکڑکر فرمایا: یہ میرا بھائی ہے۔
مطلب یہ تھا کہ اس کی کفالت جس طرح مکہ معظمہ میں میرے ذمے تھی اب بھی میرے ذمے ہے۔ چونکہ حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ کی کفالت آپ کی ذمے داری تھی، اِس لیے حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ نے جب نیاگھر بسانے کا اِرادہ کیاتو آپ نے اُن کے سرپرست ہونے کی ذمے داری پوری کرتے ہوئے کچھ ضروری سامان ساتھ کردیا جسے بعد میں ہوس پرستوں نے کچھ کا کچھ کردیا۔
مروّجہ جہیز کی خرابیاں
مگر اب جس طرح سے اس کارواج ہے اس میں طرح طرح کی خرابیاں ہوگئی ہیں جن کا خلاصہ یہ ہے کہ نہ اب ہدیہ مقصود رہا نہ صلہ رحمی، بلکہ ناموری اور شہرت اور رسم کی پابندی کی نیت سے کیاجاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بری اور جہیز دونوں کا اعلان ہوتا ہے،متعین اشیا ہوتی ہیں، خاص طرح کے برتن بھی ضروری سمجھے جاتے ہیں، جہیز کے اسباب بھی معین ہیں کہ فلاں چیز ضروری اور تمام برادری اور گھر والے اس کو دیکھیں گے، جہیز کی تمام چیزیں مجمع عام میں لائی جاتی ہیں اورایک ایک چیز سب کو دکھلائی جاتی ہے اور زیور اور جہیز کی فہرست سب کو پڑھ کر سنائی جاتی ہے۔ آپ خود فرمائیے یہ پوری ریا دکھلاوا ہے یا نہیں؟ اس کے علاوہ زنانہ کپڑوں کا مردوں کو دکھلانا کس قدر غیرت کے خلاف ہے۔اگر صلہ رحمی مقصود ہوتی تو کیف ما اتفق جو میسر آتا اور جب میسر آتا بطور سلوک کے دے دیتے۔
اسی طرح ہدیہ اور صلہ رحمی کے لیے کوئی شخص قرض کا بار نہیں اٹھاتا۔ لیکن ان دونوں رسموں کو پورا کرنے کے لیے اکثر اوقات مقروض بھی ہوتے ہیں گوسود ہی دینا پڑے اور گو باغ ہی فروخت یا گروی ہوجائے پس اس میں الزام مالا یلزم اور نمائش اور شہرت اور اسراف وغیرہ خرابیاں موجود ہیں۔ اِس لیے یہ بھی بطریق متعارف (مروّجہ طریقے سے) ممنوعات کی فہرست میں داخل ہوگیا۔ (اِزالۃ الخفاء، اصلاح الرسوم،ص:۱۵و ص:۷۵)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔