ہمارے اتحادی عام انتخابات سے بھاگنا چاہتے ہیں، بلاول بھٹو
شیئر کریں
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ ہمارے دیگر سیاسی اتحادی ڈر چکے ہیں، وہ خوف میں مبتلا ہیں، جو کہ اب عام انتخابات سے بھی بھاگنا چاہتے ہیں، عوام نے کبھی مجھے مایوس نہیں کیا، نالائق کو نکالنے میں ہم حیدرآباد کی عوام کی مدد سے کامیاب ہوئے، وہ جیالوں کی محنت کی وجہ سے وزیر اعظم نہیں رہا، پیپلز پارٹی کی کردارکشی کی مہم 3 نسلوں سے چلتی آرہی ہے، وہ سیلیکٹڈ کو مسلط کرنا چاہ رہے تھے تو پیپلز پارٹی کے خلاف نہ جانے کیا کیا کہا گیا، ہم نے جھوٹ کا منہ توڑ جواب دینا ہے۔اتوارکوحیدرآباد میں چھ ملین گیلن پانی کی فراہمی کے واٹر فلٹر پلانٹ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لوگ کہتے تھے کہ مسلم ممالک میں خاتون حکمرانی نہیں کر سکتی، لیکن آپ عوام نے ساتھ دیا جس کے بعد ایک بار نہیں دو بار ایک خاتون کو وزیراعظم بنایا گیا۔انہوں نے کہاکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو عوام، مزدور، کسان، غریب عورتوں کی وزیراعظم تھیں اور اس ملک کے مستقبل کی امید بھی تھیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر جب حیدرآباد سے لانگ مارچ شروع کرتی تھیں تو اسلام آباد کے حکمرانوں کا خدا حافظ ہوتا تھا، اور اب میں آپ کا احسان مند ہوں کہ میں جب بھی آپ کے پاس آیا تو آپ نے مجھے مایوس نہیں کیا۔