پاک ایران تجارت کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دیں گے، وزیراعظم
شیئر کریں
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ آج ایرانی صدر کے ساتھ بہت مفید اور مثبت گفتگو ہوئی، ایران کے ساتھ آزادانہ تجارت کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دیں گے۔پشین میں پاک ایران بارڈر پر مشترکہ مارکیٹ کے افتتاح کے موقع پر وزیرِ اعظم شہبازشریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کی سرحد پر بارڈر مارکیٹ کا افتتاح کیا گیا، بارڈر مارکیٹ کے قیام سے علاقے میں ترقی اور خوش حالی آئے گی، مستقبل میں ٹریڈ کے مراکز بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے بھائی ایرانی صدر کو پاکستان آنے کی دعوت دی، ایرانی صدر نے کہا ہے کہ وہ ضرور پاکستان آئیں گے۔شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران برادر اور ہمسایہ ممالک ہیں، دونوں ممالک کو تجارت، زراعت اور دیگر شعبوں میں تیزی سے آگے بڑھنا چاہیے۔وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ایران سے بجلی کی ٹرانسمیشن اور سولر انرجی میں بہت گنجائش ہے، ہمیں تیزی سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، ایرانی صدر سے مفید اور مثبت گفتگو ہوئی، تجاویز پر عمل درآمد کے لیے تیزی سے قدم اٹھائیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ایران دونوں اطراف کی مارکیٹ کا افتتاح کیا گیا، ایران اور پاکستان مل کر دونوں ممالک کے عوام کے لیے ترقی و خوش حالی لا سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شمسی توانائی کے حوالے پاکستان اور ایران کے وفود آئیں گے، گوادر کے لیے 100 میگا واٹ بجلی کی ٹرانسمیشن لائن کا منصوبہ بہت تاخیر کا شکار تھا۔