عوام دوست جماعتوں کا اقتدار میں ہونا حسین اتفاق ہے، وزیر اعظم
شیئر کریں
وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے دستور پاکستان 1973 کے 50 سال مکمل ہونے پر قوم کو مبارک پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1973 کا آئین قائد اعظم محمد علی جناح ، علامہ اقبال اور بانیان پاکستان کی بصیرت کا نچوڑ ہے جس نے قوم کو متحد کررکھا ہے، تاریخ میں پہلی بار تمام جماعتوں نے مل کر آئین کی طاقت سے ووٹ چور ،سلیکٹڈ اور مسلط کئے گئے ٹولے کو اقتدار سے نکال باہر کیا،ملک کو معاشی ترقی و خود انحصاری سے ہمکنار کرکے اور عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لاکر آئین کی طاقت اور شان بڑھائیں گے۔پیرکو دستور کے 50 سال مکمل ہونے پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے دستور کا تحفہ دینے والے تمام قائدین، جماعتوں اورارکان پارلیمان کوخراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ان تمام محترم شخصیات کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے پچاس سال میں آئین کی عزت و حرمت بڑھائی اور اس کی مضبوطی میں کردار ادا کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ 10 اپریل 1973 سے 10 اپریل 2023 تک دستور پاکستان نے قوم کو متحد رکھا ہے ،دستور ہی پاکستان میں رہنے والی تمام قوموں کا متفقہ عمرانی معاہدہ ہے ،دستور تمام ریاستی اداروں کی ماں ہے۔