لاہور ہائی کورٹ، پی ٹی آئی کے مزید 70 ایم این ایز کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل
شیئر کریں
لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے پنجاب کے 70 ممبران قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا جبکہ عدالت نے الیکشن کمیشن کو متعلقہ حلقوں میں ضمنی انتخابات کا انعقاد کرانے سے بھی روک دیا۔ لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس شاہد کریم نے پی ٹی آئی رہنماؤں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد عمر اور فواد چودھری سمیت 70 اراکین قومی اسمبلی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں اسپیکر قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اسپیکر نے استعفے منظور کرنے سے پہلے ممبران اسمبلی کا موقف نہیں لیا اور الیکشن کمیشن نے استعفے منظور ہونے کے بعد ممبران کو ڈی نوٹیفائی کر دیا، عدالت پی ٹی آئی ارکان کے استعفے منظور کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے اور لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب کے ارکان قومی اسمبلی کی حد تک ضمنی الیکشن بھی روکنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے پی ٹی آئی اراکین کے استعفے منظور کرنے کے اقدام کو کالعدم قرار دے دیا، عدالت نے الیکشن کمیشن کو متعلقہ حلقوں میں ضمنی انتخابات کا انعقاد کرانے سے بھی روک دیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی کے نوٹیفکیشن سے متعلق سماعت 7 مارچ کو ہو گی۔