میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
دل کی بیماریوں کی تشخیص میں نئی پیش رفت

دل کی بیماریوں کی تشخیص میں نئی پیش رفت

جرات ڈیسک
جمعه, ۳۱ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

جرمن کمپنی نے 30 سیکنڈ میں دل کی دھڑکن کی خرابی کا ابتدائی سراغ لگانے والا اسمارٹ ٹوائلٹ سیٹ تیار کر لیا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جرمن میڈیکل ٹیکنالوجی کمپنی ہیمبرگر میڈیکل نے ایک جدید سمارٹ ٹوائلٹ سیٹ تیار کیا ہے، جو صرف 30 سیکنڈ میں دل کی دھڑکن کی عام خرابی ایٹریئل فبریلیشن (Atrial Fibrillation) کی ابتدائی نشاندہی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

نئی تحقیق کے مطابق اس ڈیوائس کی کارکردگی روایتی کلینیکل ای سی جی ٹیسٹ کے قریب قرار دی گئی ہے، جسے دل کی بیماریوں کی بروقت تشخیص کی جانب ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایٹریئل فبریلیشن دل کی دھڑکن کی ایک عام مگر خطرناک خرابی ہے، جس میں دل کی رفتار غیر معمولی طور پر تیز، سست یا بے ترتیب ہو جاتی ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس بیماری کی بروقت تشخیص اور علاج نہ کیا جائے تو فالج اور دیگر سنگین قلبی پیچیدگیوں کا خطرہ نمایاں طور پر بڑھ جاتا ہے۔

کمپنی کی جانب سے تیار کیے گئے "ہارو ای کے جی سیٹ” میں ایسے جدید ای سی جی سینسر نصب کیے گئے ہیں جو اسپتالوں میں استعمال ہونے والے سینسرز سے مشابہت رکھتے ہیں۔ جب کوئی شخص تقریباً 30 سیکنڈ تک اس ٹوائلٹ سیٹ پر بیٹھتا ہے تو یہ دل کی برقی سرگرمی ریکارڈ کرتا ہے، جس کے بعد تمام معلومات خودکار طور پر اسمارٹ فون ایپ پر منتقل ہو جاتی ہیں، جہاں مصنوعی ذہانت کی مدد سے ڈیٹا کا تجزیہ کرکے دل کی دھڑکن میں ممکنہ بے ترتیبی یا دیگر غیر معمولی علامات کی نشاندہی کی جاتی ہے۔

ہیمبرگ ہارٹ اسٹڈی کے دوران محققین نے اس سمارٹ ٹوائلٹ سیٹ کے 6 لیڈ ای سی جی سسٹم کا موازنہ اسپتالوں میں استعمال ہونے والے روایتی 12 لیڈ ای سی جی سے کیا۔

تحقیق میں دونوں طریقوں کے نتائج میں نمایاں حد تک مطابقت دیکھی گئی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ نئی ٹیکنالوجی دل کی دھڑکن کی خرابی کی ابتدائی تشخیص میں مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس ڈیوائس کی ایک اہم خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس کے استعمال کے لیے کسی خصوصی تربیت کی ضرورت نہیں۔

صارف کو صرف روزمرہ کے معمول کے مطابق تقریباً 30 سیکنڈ تک ٹوائلٹ سیٹ پر بیٹھنا ہوتا ہے، جبکہ ایپ خودکار طور پر ڈیٹا ریکارڈ کرکے اس کا تجزیہ مکمل کر لیتی ہے۔

طبی ماہرین نے کہا کہ چونکہ ٹوائلٹ کا استعمال روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ ہے، اس لیے اس ٹیکنالوجی کے ذریعے دل کی صحت کی باقاعدہ نگرانی بغیر کسی اضافی مشقت کے ممکن ہو سکتی ہے۔

اس سے ایسے افراد میں بیماری کی بروقت تشخیص میں مدد مل سکتی ہے جو دل کی دھڑکن کی خرابی کے زیادہ خطرے سے دوچار ہوں۔دل کی دھڑکن کے امراض کی ماہر اور داخلی و قلبی طب کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر پاری ڈومینک نے کہا کہ ایٹریئل فبریلیشن کی جلد تشخیص اور بروقت علاج سے مریضوں کے نتائج نمایاں طور پر بہتر بنائے جا سکتے ہیں۔

ان کے مطابق اگر تشخیص کے پہلے سال کے اندر مناسب علاج شروع کر دیا جائے تو دل کی معمول کی دھڑکن برقرار رکھنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اور فالج سمیت دیگر پیچیدگیوں کے خطرات میں بھی کمی آ سکتی ہے۔

ماہرین نے تاہم واضح کیا ہے کہ یہ سمارٹ ٹوائلٹ سیٹ ابتدائی اسکریننگ اور نگرانی کے لیے ایک معاون ٹیکنالوجی ہے، جبکہ حتمی تشخیص اور علاج کے لیے مستند ڈاکٹر سے رجوع اور روایتی طبی معائنہ بدستور ضروری ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں