جماعت اسلامی کا آج ملک گیرشاہراہوں پر دھرنے کا اعلان
شیئر کریں
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پرآج پورے ملک میں شاہراہوں پر دھرنے دیے جائیں گے اور مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ جماعت اسلامی آج ملک بھر میں حزب اللہ کے رہنما حسن نصراللہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ بھی کرے گی۔ حکومت کی جانب سے راولپنڈی معاہدہ پر عمل درآمد نہ کرنے پر ہونے والے احتجاج میں جماعت اسلامی کے قائدین، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہو گی۔سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف کے بیان کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کراچی میں دھرنا سے خطاب کریں گے۔ کراچی میں 12مقامات پر دھرنے دیے جائیں گے۔ اسلام آباد میں ہونے والے دھرنے سے نائب امیر میاں اسلم خطاب کریں گے۔نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، امیر صوبہ وسطی پنجاب جاوید قصوری اور امیر لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ بیکھے وال موڑ لاہور پر ہونے والے دھرنے سے خطاب کریں گے۔