میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
مفادات کی منڈی

مفادات کی منڈی

جرات ڈیسک
جمعه, ۲۷ نومبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

جس کھیل میں دوسرے دھوکہ دیں،آپ ایمانداری سے مت کھیلیں۔ یہ ایک تلخ حقیقت ہے ،کیونکہ ایمانداری سے کھیلنا دانش مندی نہیں، بلکہ اپنی شکست کو دعوت دینا ہے ۔ کیونکہ ایسے کھیل میں ایمانداری کی تعریف بدل جاتی ہے ، اصولوں پر قائم رہنے والا قابل احترام نہیں بلکہ آسان ہدف سمجھا جانے لگتا ہے ۔ بددیانتی جب اقتدار کا ہنر، منافقت جب سیاست کا چلن اور دھوکہ جب کامیابی کا راستہ بن جائے تو پھر ایمانداری کا درس دینے والے سب سے بڑے مجرم دکھائی دیتے ہیں،بزرگ کہا کرتے تھے ،بیٹا !! جو پورا گاؤں شرابیوں کو ہو،وہاں نماز پڑھنے والے کو لوگ فتنہ کہتے ہیں۔

کھیل صرف میدانوں میں نہیں کھیلے جاتے ۔ اقتدار کے ایوانوں میں بھی کھیل سجتے ہیں، سیاست کے میدان میں بھی چالیں چلی جاتی ہیں، طاقت کے مراکزہوں یا کاروباری ادارے سب میں مفادات کی منڈی لگتی ہے اور مفادات کی منڈی میں کبھی ایمانداری سے سودے نہیں ہوتے ،اس کھیل میں ہر شخص اپنے فائدے کی بساط بچھاتا ہے ، اپنے مخالف کی کمزوری تلاش کرتا ہے ،یہاں اصول اکثر دکانوں کے باہر سجے خوب صورت بورڈ ہوتے ہیں، جنہیں ضرورت پڑنے پر اتار کر اندر رکھ دیا جاتا ہے ۔ سیاست میں وفاداریاں مستقل نہیں ہوتیں، صرف مفادات مستقل رہتے ہیں۔ کل کا دشمن آج کا اتحادی اور آج کا محسن کل کا مخالف بن سکتا ہے ۔ یہاں نظریات کے نام پر جذبات بھڑکائے جاتے ہیں، عوام کے سامنے اصولوں کی دہائی دی جاتی ہے ، لیکن اقتدار کی کرسی، اختیارات کی تقسیم اور ذاتی مفادات کے سودے جاری رہتے ہیں۔

طاقت کے مراکز میں کھیل کے اپنے اصول ہوتے ہیں،یہاں صرف لاٹھی،گولی کی سرکارچلتی ہے ،یہاں تو میدان میں ہارے ہوئے کھلاڑی کو جیت کی ٹرافی تھما دی جاتی ہے ،یہاں تو غداری کے سرٹیفکیٹ بنتے ہیں،وفاداری کی سندیں ملتی ہیں،تاج فروخت ہوتے ہیں، میڈلز کی نیلامی لگتی ہے ، کمزور کیلئے ضابطے سخت اور طاقتور کیلئے راستے کشادہ ہوتے ہیں، یہاں کا ‘‘ سنہری اصول ’’ جب تک کسی شخص، جماعت، ادارے یا گروہ سے فائدہ حاصل ہو رہا ہو، اس کی ہر غلطی قابل برداشت ، ہرکمزوری قابل معافی، جونہی مفادات کا راستہ الگ ہوا، برسوں کی رفاقت کے قصے دفن ، پرانی قربانیوں کے حساب کھل جاتے ہیں ۔

کاروباری دنیا بھی اس حقیقت سے مستثنیٰ نہیں۔ یہاں مسکراہٹوں کے پیچھے مسابقت، خوش اخلاقی کے پیچھے مفاد اور شراکت داری کے معاہدوں کے پیچھے اپنے اپنے فائدے کی ضمانتیں چھپی ہوتی ہیں، منافع کی خاطر اعتماد تک فروخت کر دیا جاتا ہے ۔ حقیقت یہ ہے ، مفادات کی اس منڈی میں کوئی کسی کا مستقل نہیں ہوتا۔ تعلقات ضرورت کے تابع، وفاداریاں فائدے سے مشروط اور وعدے حالات کے محتاج ہوتے ہیں۔ لوگ آپ کے ساتھ اس وقت تک کھڑے ہیں جب تک آپ کا وجود ان کے مفاد سے وابستہ ہے ، برسوں کی قربت لمحوں میں اجنبیت میں بدل جاتی ہے ۔ اس بازار میں سب سے سستی چیز وعدہ ہے ، سب سے زیادہ استعمال ہونے والا لفظ وفاداری ہے ۔ دلچسپ پہلو یہ ہے کہ یہاں کوئی خود کو مفاد پرست تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں۔ ہر شخص کے پاس اپنے طرزعمل کا ایک خوب صورت جواز، اپنی بے وفائی کی ایک معقول توجیہ اور اپنے دھوکے کو حکمت عملی ثابت کرنے کیلئے دلائل کا پورا ذخیرہ موجود ہوتا ہے ۔ یہاں سودے صرف دولت کے نہیں ہوتے ، ضمیروں، تعلقات، وفاداریوں، خاموشیوں اور اصولوں کے بھی ہوتے ہیں۔ کوئی اپنے مفاد کیلئے خاموش رہتا ہے ، کوئی اپنی باری کے انتظار میں زبان بند رکھتا ہے ، کوئی مخالف کی غلطیوں پر شور مچاتا ہے ،اپنی غلطیوں پر مصلحت کا پردہ ڈال دیتا ہے ۔ اس منڈی میں الفاظ کی بھی عجیب تجارت ہے ؛ جھوٹ کو بیانیہ، مفاد کو قومی ضرورت، موقع پرستی کو سیاسی بصیرت اور دھوکے کو کامیاب حکمت عملی کا نام دیا جاتا ہے ۔ اس سارے کھیل میں ایک چیز مشترک ہے ، ہر فریق خود کو معصوم اور دوسرے کو بددیانت ثابت کرسکتا ہے ، ہر ایک کے پاس مخالف کی فہرستِ جرائم موجود ہے ، اس منڈی میں سب سے کامیاب تاجر وہی ہے جو اپنے سودے کو اصولوں کا نام دے سکے اور دوسروں کے سودوں کو بددیانتی قرار دے سکے ۔

اس سارے کھیل میں سب سے زیادہ دلچسپ کردار ان لوگوں کا ہے جو خود کھیل کے تمام حربے استعمال کرتے ہیں، دوسروں کو قواعد یاد دلاتے ہیں۔ اپنی چال سیاسی بصیرت، مخالف کی چال سازش، اپنی بے وفائی مصلحت ، دوسرے کی غداری۔ اپنے مفاد کیلئے اتحاد کرنا دور اندیشی ، مخالف کا اتحاد کرنا اصولوں سے انحراف ۔اخلاقیات کا ترازو بھی ان کی اپنی جیب میں ہوتا ہے اور اس کے باٹ بھی اپنی سہولت کے مطابق بدلتے رہتے ہیں۔یہاں آپ کے مخالفین آپ کی ایمانداری کو آپ کی کمزوری، آپ کی اصول پسندی کو آپ کی مجبوری، خاموشی کو آپ کی بے بسی اور تحمل کو آپ کی شکست تسلیم کر لیتے ہیں۔

تلخ سوال ہے ،جب مقابلے کے تمام فریق اپنے اپنے مفادات کیلئے ہر حد عبور کرنے پر آمادہ ہوں، جب قواعد بنانے والے بھی کھلاڑی ہوں، فیصلے کرنے والے بھی اپنے مفادات رکھتے ہوں اور احتساب کا پیمانہ بھی فریقین کی حیثیت دیکھ کر تبدیل ہوتا ہو، تو پھر ایمانداری کا مطالبہ آخر کس سے اور کس بنیاد پر کیا جا رہا ہے ؟ کیا ایمانداری واقعی ایک اصول ہے یا اسے صرف اس فریق کے گلے میں ڈال دیا جاتا ہے جس کے پاس طاقت، اختیار اور کھیل کے قواعد تبدیل کرنے کی صلاحیت نہیں ہوتی؟

جس کھیل میں دوسرے دھوکہ دیں، آپ ایمانداری سے مت کھیلیں۔ کیونکہ ایمانداری سے کھیلنا دانش مندی نہیں، بلکہ اپنی شکست کو دعوت دینا ہے ۔ بزرگ کہا کرتے تھے ،بیٹا !! جب پورا گاؤں شرابیوں کا ہو،وہاں نماز پڑھنے والے کو لوگ فتنہ کہتے ہیں۔
٭٭٭


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں