بہتی گنگا میں سب نے ہاتھ دھوئے ہیں ،چیف جسٹس
شیئر کریں
سپریم کورٹ نے 2010 میں ایساف کے نام پر کنٹینرز کلیئر کرنے سے متعلق برطرفی پر کسٹم افسران کی سروس ٹریبونل کے فیصلے کیخلاف اپیل مسترد کردی۔ چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کے روبرو 2010 میں ایساف کے نام پر کنٹینرز کلیئر کرنے سے متعلق برطرفی کیخلاف کسٹم افسران کی اپیل کی سماعت ہوئی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے آپ نے افغان قونصلیٹ کے نام پر کیسے کلیئرنس دے دی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ کرپشن کرنے والے سب کسٹم افسران ہی تھے نا، کوئی باہر سے تو نہیں آیا۔ بہتی گنگا میں سب نے ہاتھ دھویا ہے۔ کیا کرپشن کرنے باہر سے جن بھوت تو نہیں آئے تھے؟ کسٹم حکام نے بتایا کہ نعمت اللہ علوی اور امین فاروقی نے ایساف کنٹینرز کو غیر قانونی طور پر کلیئرنس دی۔ سپریم کورٹ نے سروس ٹریبونل کے فیصلے کیخلاف اپیل مسترد کردی۔ کسٹم افسران کی ملازمت سے برطرفی کیخلاف سروس ٹریبونل نے بھی درخواست مسترد کردی تھی۔