آپ کے مسائل کا حل اسلام کی روشنی میں
شیئر کریں
مفتی غلام مصطفی رفیق
ماہِ شعبان کے اعمال
سوال:شعبان کے مہینے کے بارے میں شریعت کیاکہتی ہے؟اس مہینے کی خاص فضیلت اور اعمال کیاہیں؟
جواب:ماہِ شعبان کے بارے میں بخاری ومسلم شریف میں حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہاسے روایت ہے کہ”رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا دستور (نفلی روزوں کے بارے میں) یہ تھا کہ آپ(کبھی کبھی )مسلسل بلا ناغہ روزے رکھنے شروع کرتے ،یہاں تک کہ ہمیں خیال ہوتاکہ اب ناغہ ہی نہیں کریں گے، اور(کبھی اس کے برعکس ایسا ہوتا کہ) آپ روزے نہ رکھتے اور مسلسل بغیر روزے کے دن گزارتے ،یہاں تک کہ ہمیں خیال ہوتاکہ اب آپ بلاروزے کے ہی رہاکریں گے،اور حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ:میں نے کبھی نہیں دیکھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے رمضان کے علاوہ کسی پورے مہینے کے روزے رکھے ہوں،اور میں نے نہیں دیکھا کہ آپ کسی مہینے میں شعبان سے زیادہ نفلی روزے رکھتے ہوں “۔بعض روایات میں یہ بھی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم شعبان کے قریباً پورے مہینے ہی کے روزے رکھتے تھے۔اس حدیث سے معلوم ہواکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم شعبان کے مہینے میں دوسرے مہینوں کی بہ نسبت زیادہ نفلی روزوں کااہتمام فرماتے تھے۔شعبان میں نفلی روزوں کی کثرت کی کئی وجوہ اور حکمتیں ذکر کی گئی ہیں:بعض روایات میں ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ اس ماہ مبارک میں بندوں کے اعمال اللہ کی بارگاہ میں پیش ہوتے ہیں، اس لیے میں یہ پسند کرتاہوں کہ میرے اعمال اس حال میں پیش ہوں کہ میں روزے سے ہوں۔نیز رمضان المبارک کے قرب اور اس کے خاص انواروبرکات سے مزیدمناسبت پیداکرنے کا شوق بھی اس کا سبب ہے۔ بہرکیف!اس ماہ میں نفلی روزوں کی کثرت رسول کریم علیہ الصلوة والسلام سے ثابت ہے۔ (معارف الحدیث ،3/477،ط:دارالاشاعت کراچی)
غیر مسلم کے گھر کا کھانا
سوال:میں ایک ملازم آدمی ہوں،اور ایک غیر مسلم شخص کی دکان پر کام کرتاہوں، دوپہر کاکھاناان کے گھرے آتا ہے جومجھے مجبوراً کھانا پڑتاہے ،کیا اس کے گھر کا کھانا ‘کھانادرست ہے؟
جواب:برتن پاک ہوں اور کھانے کی چیز حلال ہو تو جائزہے۔(احکام القرآن للجصاص،2/465،ط؛قدیمی کراچی)
تصاویر والے کمرے میں نماز ادا کرنے کا حکم
سوال:جس کمرے میں تصویر لگی ہوئی ہو ،اگر اس میں نماز ادا کی جائے تو ہوجاتی ہے یانہیں؟میں جہاں کام کرتاہوں کبھی وہاں نماز پڑھنے کی نوبت آجاتی ہے اور اس کمرے میں تصاویر بھی آویزاں ہیں ، ایسی صورت میں کیا حکم ہے؟
جواب:جس کمرے میں تصاویرلگی ہوں اس کمرے میں نما زپڑھنا مکروہ تحریمی ہے۔اس لیے تصویر والے کمرے میں نماز پڑھنے سے اجتناب کرناچاہیے۔(فتاویٰ شامی ،1/648، ط: سعید)
قرآن کریم کی آیات دیوار پر لگانا
سوال:آج کل چکن گو نیا کی بیماری پھیلی ہوئی ہے، اس کے لیے سورہ¿ انعام کی آیت نمبر 15 اور 16پڑھنے کو بتائی جاتی ہیں، کیا ہم بطور حفاظت ان آیات کو لکھ کر دیوار وغیرہ پر بھی لگاناجائز ہے یانہیں؟
جواب:اگر آیات مبارکہ کے ادب کامکمل اہتمام ہو اور لگنے کے بعد گرنے کا اندیشہ نہ ہوتوحفاظت کے لیے لگاسکتے ہیں۔ اگربے ادبی کااندیشہ ہوتو لگانا درست نہیں۔ (البحرالرئق، 2/65،ط:رشیدیہ-کفایت المفتی ،3/184،ط:دارالاشاعت)
عورت کے ہاتھوں ذبیحہ کاحکم
سوال:اگر مرد گھر پر موجود نہ ہو اور مجبوری میں عورت کو مرغی وغیرہ ذبح کرنی پڑجائے تو کیا عورت کا ذبیحہ درست ہے؟ہمارے گھروں میں کبھی اچانک مہمان آجاتے ہیں اور گھر پر مرد نہ ہوتو عورت ہی مرغی ذبح کرکے کھانے کاانتظام کرتی ہے ، توکیاعورت مرغی ذبح کرسکتی ہے؟
جواب: عورت ذبح کرنے کے طریقے سے واقف ہو تو بلاشبہ اس کاذبیحہ درست ہے،چاہے مرغی ہو یااس کے علاوہ کوئی بھی حلال جانور، اور کھاناحلال ہے۔(فتاویٰ شامی ، 6/297،کتاب الذبائح ، ط:ایچ ایم سعید)
چاندی کی انگوٹھی کی مقدار
سوال:چاندی کی انگوٹھی پہنناکیساہے ؟اور کتنی مقدارتک کی اجازت ہے؟
جواب:مرد کو صرف چاندی کی انگوٹھی پہننے کی اجازت ہے اور ایک مثقال (4 گرام 374 ملی گرام)سے کم وزن کی ہو۔(فتاویٰ شامی ، کتاب الحظر والاباحة،6/358،ط:ایچ ایم سعید )
>> …. <<
اپنے سوالات اس پتے پر بھیجیں :
انچارج ”فہم دین“ روزنامہ جرا¿ت ‘ ٹریڈ سینٹر ‘ نویں منزل ‘907 ‘ آئی آئی چندریگر روڈ کراچی masail.juraat@gmail.com