میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آپ کے مسائل کا حل اسلام کی روشنی میں

آپ کے مسائل کا حل اسلام کی روشنی میں

منتظم
جمعرات, ۱۲ جنوری ۲۰۱۷

شیئر کریں

مفتی غلام مصطفی رفیق
masail.juraat.@gmail.com
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی نمازجنازہ
سوال: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی نمازجنازہ کس نے پڑھائی تھی؟
جواب: سرکاردوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کے جنازہ کی نماز جماعت سے نہیں پڑھی گئی،نہ ہی کسی نے امامت کی ،بلکہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم باری باری حجرہ شریفہ میں آتے اور انفرادی نمازجنازہ اداکرکے چلے جاتے،سنن ابن ماجہ میں حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے منقول:”جب منگل کے روزآپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تجہیزوتکفین سے فارغ ہوئے تو جنازہ شریف کو قبرکے کنارے پررکھ دیا گیا،لوگ گروہ درگروہ حجرہ شریفہ میں آکرنمازپڑھتے رہے ، جب مردنمازسے فراغ ہوگئے توعورتوں کوموقع دیاگیااور عورتوں کے بعد بچوں کوموقع دیاگیا،آپ کے جنازہ میں کسی نے امامت نہیں کی“۔(بلکہ لوگوں نے فرداً فرداً نمازجنازہ پڑھی)۔(سیرة حلبیہ،3/478،ط:دارالمعرفة بیروت-تاریخ ابن کثیر5/260،ط:دارالاشاعت کراچی-سنن ابن ماجہ،ص:230، ط:رحمانیہ )
سودکی رقم سے غریبوں کی مددکرنا
سوال: میں ایک ادارے میں کام کرتاہوں میری تنخواہ بینک میں آتی ہے اور اس پرسود ملتاہے، میں چھ مہینے یاسال کے بعد وہ رقم اپنے خاندان میں کسی غریب کو دے دیتاہوں اسے بتلاتانہیں کہ سود کی رقم ہے، کیاایساکرنامیرے لئے جائزہے؟
جواب: کسی کی مددکرنے کی نیت سے سیونگ اکاو¿نٹ کھلوانااور سودحاصل کرناجائزنہیں،البتہ اگرناواقفیت کی وجہ سے سیونگ اکاو¿نٹ کھلوایایاتنخواہ کے لئے سیونگ اکاو¿نٹ کھلواناضروری تھا اوراب اس اکاو¿نٹ سے سودی رقم ملتی ہے تووہ رقم کسی ضرورت مندکوبغیرثواب کی نیت کے دے سکتے ہیں،بتلاناضروری نہیں۔آپ اپنے سیونگ اکاو¿نٹ کوکرنٹ اکاو¿نٹ میں تبدیل کروادیں اوراگرایساممکن نہ ہوتو تنخواہ آتے ہی سیونگ اکاو¿نٹ سے کرنٹ اکاو¿نٹ میں منتقل کردیں۔
آخری قعدہ میں اردومیں دعامانگنا
سوال: سنتوں اورنفل نمازکی آخری رکعت میں تشہدکے بعددعاپڑھتے ہیں ،کیاہم اس موقع پراپنی حاجات کے لئے دعا کرسکتے ہیں؟میرے ایک دوست کہہ رہے تھے کہ آپ کوئی بھی دعاآخری قعدہ میں پڑھ سکتے ہیں ،مانگ سکتے ہیں ،اگرچہ اردو میں ہی کیوں نہ ہو،توکیااردومیں دعامانگناآخری قعدہ میں درست ہے؟
جواب: نمازمیں اردومیں دعانہیں مانگ سکتے ورنہ نمازباطل ہوجائے گی،البتہ وہ دعائیں جورسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عربی میں منقول ہیں ،وہ دعائیں یادکرکے انہیں آخری قعدہ میں پڑھ سکتے ہیں۔(البحرالرائق ، باب مایفسدالصلاة ومایکرہ فیھا، 2/2،ط:دارالمعرفة بیروت-فتاویٰ شامی،1/523،ط:ایچ ایم سعید)
موبائل فون میں قرآن کریم محفوظ کرنا
سوال: موبائل فون میں قرآن کریم ڈاو¿ن لوڈ کرکے رکھناکیساہے؟
جواب: موبائل فون میں قرآن کریم رکھنے میں کوئی حرج نہیں،شرط یہ ہے کہ قرآن کریم کی بے ادبی نہ ہو ۔
نمازِفجراداکیے بغیرجمعہ پڑھنا
سوال: کیافجرکی نمازادانہ کی ہوتوجمعہ کی نمازہوجاتی ہے یانہیں؟میں نے سناہے کہ فجرکی نمازادانہ کی ہوتوجمعہ کی نمازنہیں ہوتی۔
جواب: جس شخص سے جمعہ کے روزنمازِفجررہ گئی ہواگروہ صاحب ترتیب ہے تواس کے لئے ضروری ہے کہ پہلے فجرکی نمازکی قضاکرے،کیونکہ فجرکی نمازاداکیے بغیراس کی نمازِ جمعہ درست نہ ہوگی،اورجوشخص صاحب ترتیب نہیں ہے وہ جمعہ سے قبل یاجمعہ کے بعدفجرکی نمازکی قضاکرے دونوں صورتیں ٹھیک ہیں،غیرصاحب ترتیب شخص کی نمازِجمعہ ‘ فجراداکیے بغیربھی ہوجائے گی۔ صاحب ترتیب سے مرادوہ شخص ہے جس کے ذمہ پانچ سے زیادہ نمازیں قضانہ ہوئی ہوں۔(فتاویٰ شامی،باب الجمعة، 1/768،ط:ایچ ایم سعید)
طلوع آفتاب کے وقت تلاوت کاحکم
سوال: صبح کی نمازکے بعد ہم تلاوت کرتے ہیں اس دوران سورج نکلنے کا وقت ہوتاہے کیااس وقت تلاوت جاری رکھیں یاموقوف کردیں؟
جواب: طلوع آفتاب کے وقت تلاوت کرنابلاکراہت جائزہے،البتہ فقہاءلکھتے ہیں کہ طلوع ،غروب اور استواءکے وقت تلاوت کے بجائے درود شریف ، تسبیح اوردیگراذکارمیں مشغول رہنازیادہ افضل ہے۔(البحرالرائق،کتاب الصلوة، 1/264، ط:دارالمعرفة بیروت-فتاویٰ شامی،کتاب الصلوة،1/374،ط:دارالفکربیروت)
عصر کے بعد قضانمازپڑھنا
سوال: عصر کے بعد قضانمازپڑھ سکتے ہیں یانہیں؟
جواب: عصرکے بعد قضانمازیں اداکرسکتے ہیں،نوافل ممنوع ہیں،فرائض کی قضابھی لوگوں کے سامنے نہ کی جائے،تاکہ دیگرلوگ نمازقضاکرنے کے گناہ پرمطلع نہ ہوں۔(فتاویٰ شامی،کتاب الصلوة،1/348،ط:ایچ ایم سعید)


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں