میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
حکومت مخالف تحریک کیلئے عوام کو جلد اٹھنا ہو گا ،شہباز شریف

حکومت مخالف تحریک کیلئے عوام کو جلد اٹھنا ہو گا ،شہباز شریف

ویب ڈیسک
پیر, ۲۷ ستمبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت مخالف تحریک کے لئے عوام کو جلد اٹھنا ہو گا،کنٹونمنٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کو سیاسی نیند سلا دیا ہے تمام اداروں سے 2023ء کے الیکشن میں شفافیت کا مطالبہ کرتے ہیں اگر شفاف الیکشن ہوئے تو پی ٹی آئی کو سیاسی طور پر دفن کر دیں گے۔راولپنڈی میں ورکرکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میں آپ کو میاں نواز شریف اور اپنی طرف سے مبارکباد پیش کرنے آیا ہوں۔اس کامیابی کی جو آپ نے کنٹونمنٹ الیکشن میں حاصل کی ہے ۔راولپنڈی والوں نے لاہور کو بھی پیچھے چھوڑ دیا کنٹونمنٹ بورڈ وہ جگہیں ہیں جہاں پر آج سے دس بارہ سال پہلے پی ٹی آئی نے آنکھ کھولی تھی۔ان انتخابات میں آپ نے پی ٹی آئی کو سیاسی طور پر اپنی نیند سلا دیا ہے جس طرح کنٹونمنٹ بورڈ میں شفاف الیکشن ہوئے اگر اسی طرح 2023ء میں بھی شفاف الیکشن ہوئے جو ہمارا حق ہے تو ہماری فتح یقینی ہے۔ الیکشن کمیشن عدالت عظمی اور انتظامیہ سے ہمارا مطالبہ ہے کہ 2023ء کے الیکشن میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اگر 2023ء کے الیکشن میں دھاندلی نہ ہوئی توہم انشاء اللہ نواز شریف کی قیادت میں پی ٹی آئی کو ہمیشہ کے لیے سیاسی طور پر دفن کر دیں گے۔ آج سوا تین سال بعد لوگوں کی آنکھیں کھل گئی ہیں۔عوام کا شعور بیدار ہو گیا ہے کہ سوا تین سال پہلے ایک سلکیٹڈ کو سلیکٹ کروایا گیا اور آج ملک کی تباہی ہو چکی ہے۔ میاں شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت میں عوامی خوشحالی کے منصوبے سب کے سامنے ہیں۔20,20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ختم کی گئی۔ملک میں سی پیک لایا گیا جس کی بد نام کرنے کی عمران خان اور اس کے حواریوں نے کوئی کسر نہیں چھوڑی دن رات جھوٹ بولا گیا گوادر پورٹ ہو ہزاروں کلو میٹر موٹر ویز ہوں پبلک ٹرانسپورٹ ہو یا ہیلتھ کارڈ ہو لیپ ٹاپس ہوں بچوں کے لیے تعلیمی وظائف ہوں نواز شریف کے پانچ سالوں میں ملک کی تقدیر بدلنے جا رہی تھی۔ چوتھا دور نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی ترکی کے ہم پلہ ہوتا۔ بھارت کو پیچھے چھوڑ دیتے پاکستان کو عظیم ملک بناتا مگر بد قسمتی سے ایسا نہ ہو سکا آج مہنگائی بے روزگاری عروج پر ہیں ۔غریب آدمی کو دوائی نہیں ملتی۔آج آٹا،دال اور چینی آسمان سے باتیں کررہی ہے ۔بجلی گیس اور تیل کی قیمتیں نا قابل برداشت ہیں مگر سلیکٹڈ وزیر اعظم کہتا ہے گھبراتا نہیں ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو معاشی طور پر برباد کر دیا ہے آج پاکستان کی دنیا میں کوئی عزت نہیں۔قرضوں پر قرضے لے کر ملک کو بدحال کر دیا ہے۔ پاکستان کے ہر بچے کو قرضے میں جھکڑ دیا گیا ہے مگر حکومت کہتی ہے گھبرانا نہیں۔راولپنڈی والوں میں آپ کو یہ کہنا چاہتا ہوں اگر اس ملک میں آج تحریک کا کوئی جواز بن چکا ہے تو وہ مہنگائی کے خلاف ہے آپ کو جلد اٹھنا ہو گا۔ مہنگائی کے خلاف طوفان کی طرح آپ کو نکلنا ہوگا اور عوامی لہروں سے اس حکومت کو دریا برد کرنا ہوگا۔اس سے پہلے خدانخواستہ پاکستان تباہی کے مکمل دھانے پر نہ پہنچ جائے۔ آج لاکھوں لوگ بیروزگار ہو چکے ہیں کہتے تھے ایک کروڑ نوکریاں دیں گے کہتے تھے کہ 50 لاکھ گھر دیں گے اس کے برعکس لاکھوں لوگوں کو بے گھر کر دیا گیا ہے۔اگر ہمیں 2018ء کے انتخابات میں دھاندلی سے نہ ہروایا ہوتا تو آج تین سال بعد ہم لاکھوں گھر بنا کر غریبوں کے حوالے کر چکے ہوتے اور سرخرو ہو چکے ہوئے اور لاکھوں لوگوں کو روزگار مل رہا تھا آج ڈالر کو پر لگ چکے ہیں۔ڈالر کی قیمت 17 روپے ہو چکی ہے آج چینی آٹا کی قیمت کئی گنا بڑھ چکی ہے ۔(ن) لیگ کے صدر نے کہا کہ تیار ہو جاؤ ہم نے اس مہنگائی کے خلاف تحریک چلانی ہے اس حکومت کو سبق سکھانا ہے ان کو سیاسی طور پر شکست دینی ہے۔پاکستان کو عظیم بنانا ہے قائد کا پاکستان بنانا ہے۔ پاکستان کا جھنڈا عظیم بنانا ہے۔ امانت دار اور دیانت سے محبت کرو خون پسینہ بہاؤ پاکستان انشاء اللہ عظیم بنے گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں