قومی اسمبلی ،سینیٹ میں اوورسیزپاکستانیوں کیلئے مخصوص نشستوں کی تجویز
شیئر کریں
پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ ن لیگ بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے ووٹ کے حق کی حمایت کرتی ہے۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں مخصوص نشستوں کی تجویز دے دی۔ بیرونِ ملک پاکستانیوں کے نمائندے پارلیمان میں ان کی نمائندگی کرتے ہوئے مسائل پیش کرسکیں گے۔اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم ہمارے پاکستانی بہن بھائی ہمارا قیمتی اثاثہ اور پاکستان کی شان ہیں، بیرون ملک مقیم 80 لاکھ پاکستانی ہماری طاقت اور فخر ہیں جو ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں، ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ملک سے غیر متزلزل محبت، فکر اور کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن)جمہوری سوچ اور اصولوں کے تحت بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے ووٹ کے حق کی حمایت کرتی ہے۔شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں 5 سے 7 اور سینیٹ میں 2 نشستیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے مختص کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ان نشستوں پر نمائندگی کا طریقہ کار اور شرائط پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتیں مل کر طے کریں، سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے مطلوبہ قانون سازی کی جاسکتی ہے، اس طریقہ کار سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پارلیمان میں یقینی نمائندگی مل سکتی ہے۔انہوںنے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی الیکشن کے وقت ملک آکر ووٹر لسٹ میں اپنے ووٹ کے اندراج کے مطابق ووٹ ڈالیں، بیرونِ ملک پاکستانیوں کے نمائندے پارلیمان میں ان کی نمائندگی کرتے ہوئے مسائل پیش کرسکیں گے، اسی سوچ کے تحت آزاد جموں وکشمیر اسمبلی میں اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی کے لئے نشستیں مختص کی گئی ہیں۔