حکومت نے لنڈے کے کپڑوں پر بھی 300 فیصد ٹیکس لگا دیا
شیئر کریں
کراچی اوراسلام آباد میں لنڈے کے کپڑے عوام کی پہنچ سے دور ہوگئے سردی میں اضافے کے باجود حکومت نے لنڈا کے کپڑوں پر ٹیکس لگا دیا ہے تفصیلات کے مطابق ملک میں جاری مہنگائی کے طوفان اور نئے ٹیکس سے غریب طبقے کیلئے لنڈے بازار سے خریداری بھی مشکل کردی گئی ہے۔ لنڈے بازار کے تاجروں کا کہنا ہے کی اب حکومت کی جانب سے ٹیکس لگانے کے بعد اسلام آباد اور کراچی کے لنڈے بازارکے کپڑے اور دیگر اشیا بھی عوام کی پہنچ سے دور ہو جائیں گے۔بین الاقوامی مارکیٹ سے 25 روپے فی کلوگرام ملنے والے کپڑوں پر250 روپے ٹیکس لگا دیا گیا ہے ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے لنڈے کی اشیا پر اب ایک ڈالر ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے جس سے سرد موسم میں شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہوگا۔دوسری جانب آل کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین حکیم شاہ نے لنڈے کے کپڑوں اور دیگر سامان کی ویلیوایشن میں تین سو فیصد اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے اپنی سابقہ روش برقرار رکھتے ہوئے ایک اور شعبے پر شب خون مارنے کی کوشش کی ہے راتوں رات لنڈے کی برآمد پر تین سو فیصد اضافی ویلیوایشن نافذ کردی ہے جس کے باعث لنڈے کے ہزاروں کنٹینرز پورٹ پر پھنس گئے ہیں اضافی ویلیوایشن کی وجہ سے کنٹینرز کلیئر کروانا ناممکن ہوچکا ہے جس کی وجہ سے ہزاروں کنٹینرز پورٹس پر ڈیمرج اور ڈیٹینشن کی زد میں آچکے ہیں، ان خیالات کااظہارا نہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا، حکیم شاہ کا کہنا تھا کہ تین سو فیصد اضافی ویلیوایشن کی وجہ سے لنڈے کے کاروبار سے وابستہ تاجر برادری کو شدید مشکلات اور نقصان ہورہا ہے حکومت سے مطالبہ ہے کہ ڈالر کی قدر بڑھنے ، بینکوںمیں ڈالر نہ ہونے اور سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے امپورٹر پہلے ہی شدید مالی بحران کا شکار ہیں اس لیے اس ظالمانہ فیصلے کو فی الفور واپس لیا جائے لنڈے کا سامان پورے پاکستان میں غریب عوام استعمال کرتے ہیں جو کہ پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں حکومت لنڈے کی برآمد پر رعایت دینے کی بجائے ویلیوایشن میں اضافہ کر کہ لنڈے کے کپڑوں اور دیگر سامان کی غریب کی پہنچ سے دور کر رہی ہے اس ظالمانہ اقدام سے امپورٹرز، ہولسیلر ز ریٹیلرز لاکھوں کی تعداد میں متاثرہو رہے ہیں جس سے بیروزگاری مزید بڑھے گی ، آل کراچی تاجر الائنس حکومت کی جانب سے لنڈے کے سامان کی برآمد پر اضافی ویلیوایشن کے فیصلے کی مذمت کرتی ہے ، انہوں نے کہا کہ پوری تاجربرادری کا حکومت وقت سے مطالبہ ہے کہ اس فیصلے کو واپس لیا جائے تا کہ تاجرو ں میں پھیلی تشویش اور بے چینی کی صورتحال ختم ہوسکے ورنہ تاجر برادری اپنے جائز حقوق کے لیئے ملک گیر احتجاج کریگی ۔