تنازع کشمیر خطے میں استحکام اور دنیا میں امن کا مسئلہ ہے، بلاول بھٹو زرداری
شیئر کریں
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر خطے میں استحکام اور دنیا میں امن کا مسئلہ ہے، جس دن عالمی برادری کو جنوبی ایشیا کے اس تصفیہ طلب تنازع کے حل کے متعلق اپنی ذمہ داری کا احساس ہوگا، کشمیریوں کی فتح ہوگی۔ میڈیا سیل بلاول ہاوس کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقعے پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا کہ آج مقبوضہ جموں و کشمیر پر وہاں کی عوام کی مرضی کے خلاف غیر قانونی قبضے کو 76 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ اس طویل عرصے کے دوران، بھارت نے اپنے قبضے کو برقرار رکھنے کے لیے ہزاروں کشمیریوں کو شہید اور لاکھوں کشمیریوں پر تشدد کے ساتھ ساتھ جنت النظیر وادی کو دنیا کے سب سے بڑے اوپن جیل میں تبدیل کر رکھا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد اور قربانیاں آزادی کے جذبے سے سرشار ایک قوم کی بے مثال تحریک کی آئینہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے کشمیر کی آزادی قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا مشن تھا۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو زندگی بھر کشمیر کاز کے لیے جدوجہد کرتی رہیں۔ صدر آصف علی زرداری پاکستان کھپے کے ساتھ ساتھ کشمیر کھپے کا نعرہ لگاتے ہیں۔ بطور وزیرِ خارجہ بھی میں دنیا کے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر پر آواز اٹھائی ہے۔ ہماری کاوشوں کے نتیجے میں جرمنی جیسے ممالک بھی آج مسئلہ کشمیر پر کر رہے ہیں اور بول رہے ہیں کہ جو کچھ مقبوضہ وادی میں ہو رہا ہے ایسا مزید نہیں چل سکتا۔