میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
صدر پاسپورٹ آفس میں ایف آئی اے کا چھاپہ، 6 ملزمان گرفتار

صدر پاسپورٹ آفس میں ایف آئی اے کا چھاپہ، 6 ملزمان گرفتار

جرات ڈیسک
اتوار, ۲۶ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

تیز رفتار پاسپورٹ کارروائی کے نام پر فی درخواست گزار2ہزار وصول کرنے کا الزام

ٹوکن، بینک چالان، موبائل فون ، قومی شناختی کارڈز کے اسکرین شاٹس اور دیگر شواہد برآمد

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل نے کراچی کے صدر پاسپورٹ آفس میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ بدعنوانی میں ملوث پاسپورٹ دفتر کے دو اہلکاروں اور چار ایجنٹس سمیت مجموعی طور پر چھ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ملزمان پر الزام ہے کہ وہ درخواست گزاروں سے ترجیحی بنیادوں پر پاسپورٹ کی کارروائی مکمل کرانے کے عوض غیر قانونی طور پر رقم وصول کر رہے تھے۔ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران گرفتار کیے گئے پاسپورٹ دفتر کے اہلکاروں میں ڈیٹا انٹری آپریٹر اظہار الحق اور سپورٹ اسٹاف غلام شبیر شامل ہیں، جبکہ گرفتار ایجنٹس کی شناخت محمد سلیمان، عدنان حیدر، طاہر عزیز اور انس کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان باہمی ملی بھگت سے پاسپورٹ آفس میں آنے والے درخواست گزاروں کو جلد کارروائی مکمل کرانے کی یقین دہانی کرا کر فی کس دو ہزار روپے وصول کرتے تھے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان مبینہ طور پر سرکاری نظام کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے غیر قانونی مالی منفعت حاصل کر رہے تھے۔

کارروائی کے دوران ایف آئی اے نے ملزمان کے قبضے سے پاسپورٹ ٹوکن، بینک چالان، مالیاتی لین دین سے متعلق شواہد، موبائل فونز اور ان میں محفوظ مختلف ویزوں اور قومی شناختی کارڈز کے اسکرین شاٹس بھی برآمد کر لیے، جنہیں تفتیش کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ ایف آئی اے اس بات کا بھی جائزہ لے رہی ہے کہ آیا اس مبینہ نیٹ ورک میں مزید سرکاری اہلکار یا ایجنٹس بھی ملوث ہیں۔

حکام نے کہا کہ شواہد کی روشنی میں تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔(رپورٹ: افتخار چوہدری)


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں