کراچی میں 713سے زائد مخدوش عمارتوں کا انکشاف
شیئر کریں
کراچی میں 713 سے زائد مخدوش عمارتیں موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے ، ایس بی سی اے شہر میں مخدوش عمارتوں کو مسمار کرنے میں ناکام ہو گئی، جانی نقصان کا خدشہ ہے ۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے ) کی ٹیکنیکل کمیٹی نے مالی سال 2022-23کے دوران کراچی سمیت سندھ بھر میں 713عمارتوں کو مخدوش قرار دیا ہے ، سب سے زیادہ کراچی کے ضلع جنوبی میں 440عمارتیں مخدوش ہیں، حیدرآباد میں 81، کراچی کے ضلع سینٹرل میں 65، کیماڑی میں 23، کورنگی 14، ضلع شرقی میں 13، ضلع عربی میں 02، سکھر ڈویژن میں 60، میرپورخاص میں 07، ملیر اور لاڑکانہ میں 4، 4 عمارتیں مخدوش قرار دی گئی ہیں۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول آرڈیننس 1979کے سیکشن 14(1)کے تحت اگر کوئی عمارت بہت پرانی ہو یا گرنے کے قریب ہو تو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی انتظامیہ مخدوش عمارت کو مسمار کرے ۔ اعلیٰ حکام نے اکتوبر 2023میں ایس بی سی اے کو مخدوش عمارتوں کو مسمار نہ کرنے سے متعلق آگاہ کیا لیکن انتظامیہ نے کوئی جواب دیا اور نہ ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جس پر اعلیٰ حکام نے انکوائری کرنے اور ذمہ دار افسران کا تعین کرنے کی سفارش کی ہے ۔