آزاد کشمیر انتخابات، میرپور ڈویژن میں 18 ہزار 560 اہلکار تعینات
شیئر کریں
13 حلقوں میں 14 لاکھ 437 ووٹرز ہیں ،2316 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں
میرپور ڈویژن کے تینوں اضلاع میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے، کمشنر کا خطاب
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عام انتخابات 2026 کے سلسلے میں میرپور ڈویژن میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مجموعی طور پر 18 ہزار 560 اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
میرپور میں ایک اعلی سطحی اجلاس سے خطاب میں کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان نے بتایا کہ انتخابات 2026 کے لیے میرپور ڈویژن کے تینوں اضلاع میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 14 لاکھ 437 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، جن میں 7 لاکھ 24 ہزار 811 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 626 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
ڈویژن میں 2316 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 1241 انتہائی حساس، 724 حساس اور 351 نارمل پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کمشنر میرپور ڈویژن نے بتایا کہ میرپور ڈویژن کے 13 انتخابی حلقوں میں مجموعی طور پر 288 امیدوار عام انتخابات 2026 میں حصہ لے رہے ہیں۔
ان میں حلقہ LA-3 میرپور سٹی سے سب سے زیادہ 34 امیدوار مدمقابل ہیں، جبکہ LA-10 کوٹلی سے 29، LA-7 بھمبر سے 28، LA-13 کھوئیرٹہ سے 27، LA-2 چکسواریا سلام گڑھ اور LA-11 سہنسہ سے 24، 24 امیدوار میدان میں ہیں۔
اسی طرح LA-8 راج محل سے 21، LA-1 ڈڈیال سے 20، LA-4 کھڑی شریف سے 19، LA-5 برنالہ سے 18، LA-6 سماہنی سے 17، LA-12 چڑھوئی سے 15 جبکہ LA-9 فتح پور تھکیالہ سے 12 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
مجموعی طور پر میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں 288 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں، کمشنر میرپور نے کہا کہ انتخابی انتظامات اور سکیورٹی کی نگرانی کے لیے پورے ڈویژن میں 13 زونز اور 205 سیکٹرز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
انتخابی عمل کو مؤثر بنانے کے لیے ٹرانسپورٹ سمیت تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دیں گے۔
ڈی آئی جی پولیس کامران علی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انتخابات 2026 کے پرامن انعقاد کے لیے میرپور ڈویژن میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مجموعی طور پر 18 ہزار 560 اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جن میں ضلع میرپور کے لیے 5536، ضلع بھمبر کے لیے 4504 اور ضلع کوٹلی کے لیے 8520 اہلکار شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کے لیے سکیورٹی کا تین سطحی نظام تشکیل دیا گیا ہے، جس کے تحت پولیس فرسٹ ٹئیر، سول آرمڈ فورسز سیکنڈ ٹئیر جبکہ پاک فوج تھرڈ ٹئیر کے طور پر خدمات انجام دے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سیکنڈ ٹئیر میں پاکستان رینجرز (پنجاب)، پاکستان رینجرز (سندھ) اور فیڈرل کانسٹیبلری کے اہلکار شامل ہوں گے، جبکہ پاک فوج کے 2100 جوان بھی انتخابی سکیورٹی کے لیے تعینات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہیں اور پولنگ اسٹیشنز، حساس مقامات اور عمومی علاقوں میں مربوط سکیورٹی پلان کے تحت فرائض انجام دیے جائیں گے تاکہ انتخابات 2026 کا انعقاد ہر لحاظ سے پرامن، شفاف اور منظم انداز میں یقینی بنایا جا سکے


