میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سکھر حیدرآباد ایم 6 موٹروے میں اربوں کی کرپشن کامیگااسکینڈل سامنے آگیا

سکھر حیدرآباد ایم 6 موٹروے میں اربوں کی کرپشن کامیگااسکینڈل سامنے آگیا

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۴ نومبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

(رپورٹ :شاہنواز خاصخیلی) سکھر حیدرآباد ایم 6 موٹروے میں اربوں روپے کی کرپشن، ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز تاشفین عالم دبئی فرار، گرفتار ڈپٹی کمشنر عدنان رشید جامشورو منتقل، سندھ بینک ایریا کے ایریا منیجر تابش شاہ نے اینٹی کرپشن کا ابتدائی بیان ریکارڈ کروا دیا ،اینٹی کرپشن آج عدنان رشید کو عدالت میں پیش کریگی، مزید ریمانڈ کی درخواست دائر کرنے کا امکان، اسسٹنٹ کمشنر اور بینک منیجر تاحال گم، تفصیلات کے مطابق سکھر حیدرآباد ایم 6 موٹروے منصوبے میں مٹیاری اور نوشہروفیروز میں زمینوں کی خریداری کی مد میں اربوں روپے کا میگا اسکینڈل سامنے آنے کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے نوشہروفیروز میں بھی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز تاشفین عالم دبئی فرار ہوگیا ہے، ایف آئی اے امیگریشن کے ذرائع کے مطابق تاشفین عالم 19 نمبر کو غیر ملکی پرواز ایف زیڈ 336 کے ذریعے دبئی روانہ ہوا۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق گرفتار سابق ڈپٹی کمشنر مٹیاری عدنان رشید کو جامشورو منتقل کیا گیا ہے جہاں پر ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن جامشورو جاوید ہالیپوتو کی سربراہی میں قائم سی آئی ٹی عدنان رشید سے تحقیقات کر رہی ہے، ذرائع کے مطابق عدنان رشید نے ابھی تک جرم قبول کرنے سے انکار کیا ہوا ہے، دوسری جانب مٹیاری میگا اسکینڈل میں اینٹی کرپشن کی جانب سے داخل ایف آئی آر میں نامزد ملزم سندھ بینک کے ایریا منیجر سید تابش شاہ نے ابتدائی بیان ریکارڈ کروا دیا ہے، ابتدائی بیان میں بتایا کہ 14 نومبر کو ان کو ہیڈ آفس سے ایک میل کی گئی کہ وہ سندھ بینک مٹیاری جائیں جہاں پر کچھ لوگ تحقیقات کیلئے موجود ہیں ان سے تعاون کریں، وہ وہاں پہنچے تو سیکریٹری سندھ پبلک سروس کمیشن نذیر قریشی، ایڈیشنل سیکریٹری شہمیر بھٹو اور ڈپٹی کمشنر عدنان رشید موجود تھے، بینک منیجر چھٹی پر تھے، انہوںنے جو معلومات مانگی وہ عملے کے ذریعے ان کو فراہم کیں اس سے زیادہ اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے، آج اینٹی کرپشن گرفتار ڈپٹی کمشنر عدنان رشید کو عدالت میں پیش کریگی اور امکان ہے عدنان رشید کے مزید ریمانڈ کی درخواست دائر کرکے عدالت سے ریمانڈ کی استدعا کی جائیگی، سندھ ہائی کورٹ سے 7 دن کی ضمانت قبل از گرفتاری پانے والے سابق اسسٹنٹ کمشنر نیو سعید آباد منصور علی عباسی اور بینک منیجر نے تاحال اینٹی کرپشن کی تحقیقات جوائن نہیں کی اور وہ تاحال گم ہیں، ذرائع کے مطابق مٹیاری ریونیو ریکارڈ دکھا کر زمین خرید کر چیک جاری کئے گئے ہیں، اس وقت تک تحقیقاتی ٹیم کو خریدی جانے والی زمینوں کی صرف 8 فائل ملی ہیں جو کہ نامکمل اور مشکوک ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں