بزرگ سیاستدان اورتحریک صوبہ ہزارہ کے قائد بابا حیدر زمان انتقال کرگئے
شیئر کریں
بزرگ سیاستدان اورتحریک صوبہ ہزارہ کے قائد بابا حیدر زمان طویل علالت کے بعد راولپنڈی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 84 سال تھی۔بابا حیدر زمان1934 کو ایبٹ آباد کے نواحی علاقے دیوال منال میں پیدا ہوئے۔انہوں نے اپنی سیاسی جدوجہد کا آغاز ساٹھ کی دہائی میں کیا۔بابا حیدر زمان نے پہلا الیکشن 1962 میں جبکہ آخری الیکشن2013میں لڑا۔بابا حیدر زمان نے1977 میں جمہوریت کی بحالی کی تحریک ایم آر ڈی میں شامل ہوئے اور گرفتار بھی ہوئے۔ حیدر زمان صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت،ضلع ناظم ایبٹ آباد اور چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل ایبٹ آباد رہے۔بابا حیدر زمان نے 1990اور 1993 میں میاں نواز شریف کے مقابلے پر قومی اسمبلی کی نشست کیلئے الیکشن لڑا۔2010 میں جب صوبہ سرحد کا نام تبدیل کرکے خیبر پختونخوا رکھا گیا تو بابا حیدر زمان نے ہزارہ کو صوبہ بنانے کیلئے سیاستدانوں کو ایک چھتری تلے اکٹھا کیا۔بابا حیدر زمان نے بھرپور انداز میں تحریک کا آغاز کیا جس کے باعث انہیں ملکی اور بین الاقوامی میڈیا میں بھی پزیرائی ملی۔