نااہل شخص قوانین میں جتنی مرضی ترمیم کرلے مگر اب کسی صورت ملک کا یا پارٹی کا سربراہ نہیں بن سکتا، آصف علی زرداری
شیئر کریں
نواز شریف کا لندن پلان ان کی ڈوبتی سیاسی کشتی کو نہیں بچا سکے گا،بینظیر بھٹو کے قاتل اب بچنے کیلئے الزام تراشی سے کام لیکر جان چھڑوانا چاہتے ہیں ،سب جانتے ہیں مرتضیٰ بھٹو ،بی بی شہید کو کس نے قتل کروایا ، سابق صدر کی وفد سے گفتگو
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نااہل شخص قوانین میں جتنی مرضی ترمیم کرلے مگر اب کسی بھی صورت ملک کا یا پارٹی کا سربراہ نہیں بن سکتا ۔نواز شریف کا لندن پلان ان کی ڈوبتی سیاسی کشتی کو نہیں بچا سکے گا ،بینظیر بھٹو کے قاتل اب بچنے کیلئے الزام تراشی سے کام لے کر جان چھڑوانا چاہتے ہیں مگر سب جانتے ہیں مرتضیٰ بھٹو اور بی بی شہید کو کس نے قتل کروایا ، وزیر اعظم پاکستان نے ثابت کردیا وہ ملک کی عوام کے نہیں نوازشریف کے درباری وزیر اعظم ہیں ۔وزیر خزانہ سمیت سب کے محلوں کو لگائے گئے نوٹس اس بات کی واضح نشاندہی ہیں کہ ملک کی عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمالیہ میں ڈویژنل صدر پاکستان پیپلز پارٹی سید حسن مرتضیٰ،سید حسن شاہ،علی رضا زیدی ودیگر وفد سے گفتگو کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ شریف فیملی کی اب مکمل حقیقت سب پر عیاں ہو چکی ہے اور اب لندن پلان سے ان کو کوئی سیاسی فائدہ حاصل نہیں ہونے والا ان کا کہنا تھا کہ اب شریف فیملی اور انکے حواریوں کو عدالتی اور نیب کے سمن مقدر بن جائینگے ۔انہوں نے کہا کہ این ائے 120میں الیکشن کے نام پر فراد کیا گیا اور ہم اس سیاسی فراڈ کو نہیں مانتے ، انہوں نے کہا کہ مشرف کی جانب سے لگائے گئے الزامات کا سامنا کرنے کو تیار ہوں ۔پاکستانی تھا ہوں اور رہوں گا اور ہر ظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی جرات رکھتا ہوں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی چوروں ڈاکوئوں اور ملکی سلامتی کو خطرہ پہنچانے والوں کے ساتھ اتحاد کا سوچ بھی نہیں سکتی اور اب ہمارے اور لیگی لٹیروں کے راستے جدا جدا ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کو ووٹ کی جگہ گالی پڑے گی ۔ان کا کہنا تھا کہ نیب اور دیگر ادارے حب الوطنی کا ثبوت دیتے ہوئے شریف فیملی کی حقیقت اور کرپشن کو عوام کے سامنے بے نقاب کریں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری اور دیگر دوست نیک نیتی اور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ سیاسی میدان میں اترے ہیں پنجاب کل بھی ہماری تھا آج بھی ہمارا ہے کنگ خان سیاسی بیروز گار ہے اس پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہتا اس کیلئے عائشہ گلا لئی کافی ہے ۔