میانمار میں تشدد کی نئی لہر،20 گھر نذرآتش، بم دھماکا
شیئر کریں
سیکیورٹی اراکین نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور آگ کی نوعیت معلوم کی اور معاملے کی تفتیش کی،حکومت کا اعلامیہ
میانمار کی ریاست رخائن میں تشدد کی تازہ لہر میں 20 گھرنذرآتش کر دیے گئے اور ایک مسجد کے قریب بم دھماکا ہوا۔فرانسیسی خبرررساں ادارے کے مطابق رخائن میں تشدد کی نئی لہر اس وقت سامنے آئی ہے جب آنگ سان سوچی کی جانب سے ایک ہی روز قبل یہ اعلان کیا گیا تھا کہ فوج نے سرحدی علاقوں میں ‘آپریشن’ کو روک دیا ہے۔خیال رہے کہ میانمار کی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ 25 اگست کو پولیس پر ہونے والے حملوں کے بعد روہنگیا انتہاپسندوں کو ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔حکومت کے اعلامیے کے مطابق تازہ واقعہ رخائن کے گاؤں ماؤنگڈاز کیائین چونگ میں پیش آیا جہاں 20 کے قریب گھر آگ کی لپیٹ میں آگئے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی اراکین نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور آگ کی نوعیت معلوم کی اور معاملے کی تفتیش کی۔حکومت کاکہنا تھا کہ دوسرا واقعہ می چونگ زے گاؤں میں ایک مسجد کے قریب بم دھماکا ہوا۔ان واقعات کی ذمہ داری ‘دہشت گردوں ‘ پر عائد کردی گئی ہے تاہم پولیس پر حملہ کرنے والے گروپ اراکان روہنگیا سلویشن آرمی (اے آر ایس اے) کے حوالے سے بیان میں کچھ واضح نہیں کیا گیا ہے۔رخائن کے کے دونوں گاؤں میں پیش آنے والے واقعات میں تاحال کسی قسم کے جانی نقصان کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔