میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
صحت بخش سمجھی جانے والی غذائیں آنتوں کی سوزش بڑھا سکتی ہیں، تحقیق

صحت بخش سمجھی جانے والی غذائیں آنتوں کی سوزش بڑھا سکتی ہیں، تحقیق

جرات ڈیسک
پیر, ۲۴ اگست ۲۰۲۶

شیئر کریں

پالک، بادام اور شکر قندی میں موجود قدرتی مرکب بعض آنتوں کے مریضوں کے لیے مسئلہ پیدا کرسکتا ہے، ماہرین

………………

پالک، بادام اور شکر قندی جیسی غذائیں عام طور پر صحت کے لیے مفید تصور کی جاتی ہیں، تاہم ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ان میں قدرتی طور پر پایا جانے والا ایک مرکب آنتوں کی سوزش کی بیماری میں مبتلا بعض افراد کے لیے مشکلات میں اضافہ کرسکتا ہے۔

امریکا کی یونیورسٹی آف نارتھ کیرولائنا اسکول آف میڈیسن کے محققین کی تحقیق کے مطابق پودوں سے حاصل ہونے والی متعدد غذاؤں میں موجود قدرتی مرکب ”آکسیلیٹ” آنتوں کی سوزش سے متاثرہ افراد میں سوزش کو مزید بڑھانے میں کردار ادا کرسکتا ہے۔

تحقیق کے نتائج طبی جریدے ”سیلولر اینڈ مالیکیولر گیسٹرونٹیرولوجی اینڈ ہیپاٹولوجی” میں شائع ہوئے۔ محققین نے آنتوں کی سوزش کی بیماری میں مبتلا مریضوں اور صحت مند افراد کے آنتوں کے ٹشوز، خوراک اور فضلے میں آکسیلیٹ کی مقدار کا جائزہ لیا، جبکہ اس کے اثرات جانچنے کے لیے چوہوں اور خلیوں پر بھی تجربات کیے گئے۔

محققین کے مطابق صحت مند افراد میں خوراک کے ذریعے جسم میں داخل ہونے والا زیادہ تر آکسیلیٹ فضلے کے ذریعے خارج ہوجاتا ہے، تاہم آنتوں کی سوزش کی بیماری میں مبتلا افراد میں آکسیلیٹ کے اخراج کا نظام مختلف ہوسکتا ہے۔

تحقیق کے دوران معلوم ہوا کہ ایسے مریضوں کی آنتوں میں مخصوص ٹرانسپورٹر پروٹینز ”ایس ایل سی 26 اے 2” اور ”ایس ایل سی 26 اے 3” کی مقدار نمایاں طور پر کم تھی۔

یہ پروٹینز آنتوں سے آکسیلیٹ کے جذب اور اخراج کے عمل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔محققین نے بتایا کہ ان پروٹینز میں کمی السرٹیو کولائٹس اور کروہن ڈیزیز، دونوں اقسام کی آنتوں کی سوزش کی بیماری میں دیکھی گئی۔

مزید یہ کہ آنتوں کے ٹشوز میں سوزش کی شدت بڑھنے کے ساتھ ان ٹرانسپورٹر پروٹینز کا اظہار بھی کم ہوتا گیا۔تحقیق کے مطابق یہ نتائج اس بات کو سمجھنے میں مدد دے سکتے ہیں کہ بعض غذائی اجزا آنتوں کی سوزش کی بیماری میں مبتلا افراد کے جسم پر کس طرح اثر انداز ہوتے ہیں اور مستقبل میں اس مرض کے علاج اور غذائی حکمت عملیوں کے لیے نئی راہیں ہموار کرسکتے ہیں۔

تاہم ماہرین نے واضح کیا ہے کہ تحقیق کے نتائج کا یہ مطلب نہیں کہ آنتوں کی سوزش کی بیماری میں مبتلا ہر شخص پالک، بادام، شکر قندی یا آکسیلیٹ والی دیگر غذاؤں کو اپنی خوراک سے مکمل طور پر نکال دے۔ہر مریض کی غذائی ضروریات اور بیماری کی کیفیت مختلف ہوسکتی ہے، اس لیے خوراک میں نمایاں تبدیلی کرنے سے قبل ڈاکٹر یا ماہرِ غذائیت سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں