سلیم حبیب یونیورسٹی، ارم آفاق بینکنگ فراڈ کے سنگین فراڈ میں ملوث
شیئر کریں
مالی ٹرانزیکشنز میں بھاری رقم ارم آفاق اور فاطمہ آفاق کو پہنچی ، پھر امریکا منتقل ہوئی
بینکنگ دستاویزات میں سلیم حبیب کا بیٹا، بھائی، منیجر ظاہر کرکے بھی ہیراپھیری
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
معروف صنعتکار و فلاحی شخصیت ڈاکٹر سلیم حبیب کی جانب سے بینکنگ معاملات میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور رقم کی غیر مجاز منتقلی کے حوالے سے بینکنگ محتسب پاکستان سے رجوع کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
دستیاب شواہد کے مطابق، ڈاکٹر سلیم حبیب کی جانب سے متعلقہ بینک کو ان کے اکاؤنٹس سے مبینہ طور پر رقم نکالے یا منتقل کیے جانے کی شکایت کی گئی، تاہم بینک کی جانب سے معاملے کا مؤثر ازالہ نہ ہونے پر بینکنگ محتسب پاکستان میں باقاعدہ شکایت دائر کی گئی۔
ڈاکٹر سلیم حبیب کے نمائندوں کا دعویٰ ہے کہ محتسب کے سامنے پیش کیے گئے ریکارڈ اور کارروائی میں ایسی مالی ٹرانزیکشنز کا معاملہ زیربحث آیا جن کے ذریعے رقم مبینہ طور پر ارم آفاق اور ان کی بیٹی فاطمہ آفاق تک پہنچی اور امریکا منتقل ہوئی۔
ان الزامات کو متعلقہ عدالتی، محتسب اور تفتیشی ریکارڈ کی روشنی میں حتمی طور پر دیکھا جانا باقی ہے ۔مزید یہ الزام بھی سامنے آیا ہے کہ مختلف بینکنگ دستاویزات اور اکاؤنٹ اوپننگ فارمز میں ڈاکٹر سلیم حبیب سے تعلق ظاہر کرنے کے لیے مختلف افراد کو ان کا بیٹا، بھائی، منیجر یا کولیگ ظاہر کیا گیا۔
بعض اسٹینڈرڈ چارٹرڈ اکاؤنٹس اور ان سے منسلک دستاویزات کے حوالے سے بھی مبینہ غلط بیانی اور غیر مجاز نمائندگی کے معاملات کی تحقیقات کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر سلیم حبیب کے نمائندوں کے مطابق یہ محض ایک الگ تھلگ بینکنگ تنازع نہیں بلکہ مبینہ طور پر طویل عرصے تک جاری رہنے والی مالی بے ضابطگیوں کے سلسلے کا حصہ ہے۔
ان معاملات سے متعلق بعض شکایات اور شواہد وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے سامنے بھی زیرِ تفتیش بتائے گئے ہیں۔ ڈاکٹر سلیم حبیب کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بینکنگ ریکارڈ، اکاؤنٹ اوپننگ فارمز، دستخطوں، فائدہ اٹھانے والے افراد، بیرونِ ملک منتقلیوں اور متعلقہ بینک افسران کے کردار کی مکمل اور غیر جانب دار تحقیقات کی جائیں اور اگر کسی شخص کے خلاف جرم ثابت ہو تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
زیر نظر تمام فراڈ کا سلسلہ دراصل سلیم حبیب ایجوکیشن فاونڈیشن او ر بیریٹ ہاڈسن پر ناجائز قابضین کے ایک سلسلے کے ساتھ کڑی در کڑی جڑا ہوا ہے، جس کے مالی و انتظامی حقوق کا معاملہ قانونی جنگ میں الجھا ہوا ہے۔ اور جو ارم آفاق کے ایک مبینہ جعلی نکاح نامے کی پیداوار ہے۔ واضح رہے کہ متعلقہ تمام حقائق جرأت کو دستیاب شواہد کی بناء پر مرتب کیے جا رہے ہیں جس میں متعلقہ فریقین کی جانب سے کسی موقف کو فراہم کرنے پر اسے بھی شامل اشاعت کیا جائے گا۔
(نمائندہ جرأت)


