سندھ بلڈنگ، خلافِ ضابطہ تعمیرات سے گلشن اقبال کا نقشہ تبدیل، ذمہ دار کون؟
شیئر کریں
بلاک 5، پلاٹ نمبر A-174 اور A-176 پر نقشوں کے برعکس تعمیرات جاری
تعمیراتی ٹھیکیداروں اور ڈائریکٹر سمیع جملانی پر ملی بھگت کے الزامات، کارروائی کا مطالبہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گلشن اقبال کے بلاک 5 میں پلاٹ نمبر A-174 اور A-176 پر مبینہ طور پر منظور شدہ نقشوں کے برعکس تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے ، جس پر علاقہ مکینوں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔مقامی ذرائع کے مطابق مذکورہ پلاٹس پر جاری تعمیراتی کام میں بلڈنگ قوانین اور منظور شدہ نقشوں کی مبینہ خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، تاہم متعلقہ افسران کی جانب سے مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر وقت پر نوٹس لیا جاتا تو خلافِ ضابطہ تعمیرات کو روکا جا سکتا تھا۔علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض تعمیراتی ٹھیکیدار متعلقہ افسران بالخصوص ڈائریکٹر سمیع جملانی کی مبینہ سرپرستی اور ملی بھگت کے باعث قانون سے بالاتر ہو کر تعمیراتی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جس سے نہ صرف سرکاری قوانین کی خلاف ورزی ہو رہی ہے بلکہ علاقے کے انفراسٹرکچر، پارکنگ، نکاسئ آب اور شہری سہولیات بھی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔شہریوں نے وزیر بلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ بلاک 5 میں پلاٹ نمبر A-174اور A-176 پر جاری تعمیرات کی فوری انکوائری کرائی جائے ، منظور شدہ نقشوں کا جائزہ لے کر اگر کسی قسم کی خلاف ورزی ثابت ہو تو ذمہ دار تعمیراتی ٹھیکیداروں اور غفلت یا مبینہ ملی بھگت میں ملوث افسران کے خلاف بلاامتیاز قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔
سندھ بلڈنگ


