سندھ بلڈنگ، انتظامی غفلت کے سائے ،غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ تیز
شیئر کریں
ڈائریکٹر وسطی عبدالرؤف شیخ پر تعمیراتی لاقانونیت پر چشم پوشی کے شدید الزامات
ناظم آباد نمبر 5-Cکے پلاٹ نمبر 10/15اور 4/17پر خلافِ ضابطہ تعمیرات
ضلع وسطی کے رہائشی علاقے ناظم آباد میں مبینہ طور پر غیر قانونی اور خلاف ضابطہ تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے ، جس پر علاقہ مکینوں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے ہیں۔ جرأت سروے کے دوران لی گئی زیر نظر تصاویر میں زمینی حقائق کے مطابق ناظم آباد نمبر 5 بلاک C کے پلاٹ نمبر 10/15 اور 4/17 پر تعمیراتی قوانین اور منظور شدہ نقشوں کی مبینہ خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیراتی لاقانونیت کا راج برقرار ہے ، جس سے نہ صرف اطراف کی عمارتوں بلکہ رہائشیوں کی جان و مال کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔مقامی مکینوں کا الزام ہے کہ متعلقہ انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت اور ڈائریکٹر وسطی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی عبدالرؤف شیخ کی مبینہ چشم پوشی کے باعث غیر قانونی تعمیرات کو کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ متعدد شکایات کے باوجود تاحال کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، جس سے شہریوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے ۔علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ تعمیرات کا فوری نوٹس لے کر تمام قانونی تقاضوں کا جائزہ لیا جائے ، اگر بے ضابطگیاں ثابت ہوں تو ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ فوری طور پر روکا جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے ۔اس معاملے پر متعلقہ افسران سے موقف لینے کے لیے متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم خبر کی اشاعت تک ان سے رابطہ ممکن نہ ہو سکا۔ متعلقہ حکام کا مؤقف موصول ہونے کی صورت میں اسے بھی خبر میں شاملِ اشاعت کیا جائے گا۔


