میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
حافظ سعیدکے گھر کے قریب لاہورمیں دھماکا، 3افرادجاں بحق،24 زخمی

حافظ سعیدکے گھر کے قریب لاہورمیں دھماکا، 3افرادجاں بحق،24 زخمی

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۴ جون ۲۰۲۱

شیئر کریں

لاہور کے علاقے جوہرٹائون میں بم دھماکے میں3 افراد جاں بحق اور ایک پولیس اہلکار سمیت20سے زائدزخمی ہوگئے ۔معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ دھماکے میں 24افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 8 کی حالت تشویشناک ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے معاوضے اور ریلیف کا اعلان کیا۔جناح اسپتال کی انتظامیہ نے بتایا کہ24 زخمیوں کو لایا گیا تھا۔3 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ہیں۔6 افراد کو معمولی نوعیت کے زخم آئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق جوہر ٹائون میں بارودی مواد کا دھماکا ایک گھرکے باہرکھڑی گاڑی میں ہوا جس کے نتیجے میں کئی مکانات کو نقصان پہنچا اور کئی راہ گیر بھی زخمی ہوئے، دھماکے سے زمین میں 4 فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا اور پانی کے پائپ پھٹ گئے۔دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی،دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے اور وہاں کھڑی کئی گاڑیوں،موٹرسائیکلوں اور ایک رکشہ کو نقصان پہنچا، دھماکے سے ایک گھر زیادہ متاثر ہوا جبکہ دیگر گھروں کو بھی دھماکے سے نقصان پہنچا۔سی سی پی او لاہور نے بتایا کہ ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا ہے۔ ایک حاملہ خاتون اور ایک بچے کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جائے حادثہ کچھ فاصلے پرحافظ سعید کاگھر واقع ہے ، اس حوالے سے سی سی پی اولاہورکاکہناہے کہ ہمیں افواہوں پر یقین نہیں کرنا چاہیے، آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا تھا کہ ہمیں 65تھریٹ الرٹس موصول ہوئے۔گزشتہ ہفتے کچھ دہشت گردوں کوگرفتار کیا۔ دھماکے میں پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں، آئی جی پنجاب نے کہا دھماکا ملک دشمن عناصرکی کارروائی ہے، حافظ سعید کا گھر ٹارگٹ ہونے کے سوال پر آئی جی پنجاب نے کہاکہ ہائی ویلیو ٹارگٹ گھر کے قریب پولیس پکٹ ہے، اسی لیے گاڑی گھر کے قریب نہیں جاپائی ،ان کا خیال ہے کہ ٹارگٹ پولیس تھی ۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیاہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ دھماکے کے آوازسے گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوچکی ہیں۔دھماکے کی آواز اتنی تیز تھی کہ دور دراز کے علاقوں میں بھی سنی گئی اور بعض عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ہیں۔جوہر ٹائون میں ہونے والے دھماکے کی ایک عینی شاہد خاتون کا کہنا ہے کہ ایک آدمی موٹر سائیکل کھڑی کرکے گیا،پھر موٹر سائیکل دھماکیسے پھٹ گئی۔۔ ایس پی صدر ڈویژن حفیظ الرحمان بگٹی نے کہا ہے کہ دھماکہ ایکسپو سینٹر کے قریب ہوا اور اس کی نوعیت کاتعین کیا جا رہا ہے۔عام افراد کو جائے وقوعہ کی طرف جانے سے روک دیا گیا ہے اور شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔ جہاں دھماکہ ہوا وہاں سے گیس کی لائن بھی گزرتی ہے تاہم دھماکے کی وجہ فی الحال معلوم نہیں ہوسکی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں