جہاز کے حادثے میں جاں بحق تمام افراد کی لاشیں نکال لی گئیں
شیئر کریں
کراچی میں جہاز کے حادثے میں جاں بحق تمام افراد کی لاشیں نکال لی گئی۔ جناح اور سول اسپتال میں موجود افراد میں سے 19 افراد کی شناخت کی جاچکی ہے جبکہ دیگر لاشیں شناخت کے بعد لواحقین کے حوالے کی جائیں گی۔پی آئی اے کا بد قسمت طیارہ 97 افراد کی جان لے گیا۔ جہاز میں سوار مسافر منزل سے چند ہی لمحے دور تھے کہ انجن میں خرابی کے باعث طیارہ توازن کھو بیٹھا اور رہائشی علاقے میں جاگرا۔ حادثے میں کئی گھر جل کر خاکستر ہوگئے ۔ متاثرہ علاقے کے متعدد افراد زخمی حالت میں اسپتالوں میں موجود ہیںجبکہ جہاز میں سوار 99 میں سے دو افراد معجزانہ طور پر بچ گئے ہیں۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے 97 میں سے 66افراد کی لاشیں جناح اسپتال جبکہ 31 افراد کی لاشیں سول اسپتال کے سرد خانے میں موجود ہیں تاحال صرف 19 افراد کی شناخت ہوسکی ہے ۔ کچھ لاشیں ناقابل شناخت ہیں، تاہم ان کی شناخت ڈی این اے یا نادرا کی مدد سے کی جائے گی۔حادثے کے بعد امدادی ٹیموں کے اہلکار رات گئے تک جائے وقوعہ پر آپریشن کرتے رہے تاہم آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے اور ملبے تلے دبی تمام لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ پولیس، رینجرز اور آرمی کے دستے تاحال جائے حادثہ پر موجود ہیں۔