ریفرنڈم سے متعلق پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت میں کوئی بات نہیں ہوئی، شیری رحمان
شیئر کریں
سندھ اسمبلی یا کسی بھی صوبائی اسمبلی کے فیصلے کو اوور رول نہیں کیا جا سکتا، سینئر وزرا کو ایسے حساس معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے احتیاط سے کام لینا چاہیے
پیپلز پارٹی نے پارلیمان میں کسی کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا، تاہم پارٹی کی اپنی سیاسی ریڈ لائنز برقرار ہیں، نجی ٹی وی سے گفتگو
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ ریفرنڈم سے متعلق پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت میں کوئی گفتگو نہیں ہوئی، اس نوعیت کے معاملات اعلی سطح پر مشاورت کے لیے پیش کیے جانے چاہئیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ سندھ اسمبلی یا کسی بھی صوبائی اسمبلی کے فیصلے کو اوور رول نہیں کیا جا سکتا۔ سینئر وزرا کو ایسے حساس معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے احتیاط سے کام لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی متعدد مرتبہ صوبے کی تقسیم کے خلاف قراردادیں منظور کر چکی ہے، تاہم پنجاب اسمبلی اگر نئے صوبے بنانے کے حق میں ہے تو یہ اس کا حق ہے۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ سندھ کی سیاسی جماعت کی اپنی ایک سوچ ہے اور اس حوالے سے ردعمل آئین کے مطابق دیا جاتا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری پاکستان کھپے کا نعرہ لگانے والے صدر ہیں، انہوں نے ملک کو مشکل وقت سے نکالا ہے۔
پیپلزپارٹی رہنما نے واضح کیا کہ پارٹی اپنے اہم معاملات سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی)میں لے کر جاتی ہے۔ 18ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اس پر ایک سال کام کیا تھا اور کوشش کی تھی کہ تمام سیاسی جماعتیں اتفاق رائے سے آگے بڑھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بھی آئینی ترمیم کی بات ہوتی ہے تو بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے صف اول میں ہوتے ہیں۔ اتحادی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد اپوزیشن کو بھی ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ بھی پیپلز پارٹی کا موقف یہی رہا ہے کہ سیاسی معاملات سڑکوں کے بجائے پارلیمان میں حل کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمان میں پیپلز پارٹی کا کردار سب کے سامنے ہے اور بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔ انتخابی اصلاحات کے لیے کمیٹیاں بننی چاہئیں اور پی ٹی آئی کو بھی اس عمل میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پارلیمان میں کسی کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا، تاہم پارٹی کی اپنی سیاسی ریڈ لائنز برقرار ہیں۔


