دہشت گردوں، سہولت کاروں کا ہر قیمت پر خاتمہ کرینگے، فیلڈ مارشل
شیئر کریں
بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے والی غیرملکی سرپرستی یافتہ پراکسیز ناکام بنائیں گے، عوامی تعاون سے دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کے عزم کا اظہار
عوام کیلئے خطرہ بننے والا دہشتگردی کا ڈھانچہ جہاں ہوگا ختم کردیا جائیگا، بیرونی سرپرستی میں کام کرنیوالے عناصر بلوچستان میں تشدد کو ہوا دے رہے ہیں، سید عاصم منیر کا خطاب
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش خطرات کا باعث بننے والے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا ہر قیمت پر خاتمہ کیا جائے گا، جبکہ بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کوششیں عوامی حمایت سے کامیاب ہوں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقدہ 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے، یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، بلوچستان کے متحرک، باہمت، ثابت قدم اور محبِ وطن عوام اس کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔
بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور عوام کے درمیان قریبی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی اور دہشتگردی کے بنیادی ڈھانچے کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف سرگرم عناصر اور ان کے سہولتکاروں کو ہر قیمت پر انجام تک پہنچایا جائے گا۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ غیرملکی سرپرستی میں سرگرم پراکسیز بلوچستان کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم پاکستان کی مسلح افواج عوام کی بھرپور حمایت سے دشمن کے تمام مذموم عزائم ناکام بنائیں گی اور ملک کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جاری قومی کوششوں، اداروں کے باہمی تعاون اور قومی یکجہتی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کے لیے اجتماعی کردار ادا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نشست کے اختتام پر شرکاء کے ساتھ مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،ورکشاپ کے شرکا نے اس موقع پر پاکستان کی خودمختاری، قومی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے اپنی مکمل حمایت اور مشترکہ عزم کا اعادہ بھی کیا۔


