مستونگ،گاڑی پر فائرنگ، سیشن جج سمیت 2 افراد جاں بحق، ایڈیشنل سیشن جج زخمی
شیئر کریں
سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ پر حملہ ریاست پر حملہ ہے، دہشت گردوں کو ہر قیمت پر انجام تک پہنچائیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مستونگ کے علاقے ولی خان میں نامعلوم افراد نے سیشن جج کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور ایڈیشنل سیشن جج زخمی ہوگیا۔
ڈی پی او اللّٰہ بخش بلوچ کے مطابق فائرنگ سے سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کا گن مین جاں بحق ہو گئے، فائرنگ سے ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سمیت 2 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ڈی پی او کے مطابق سیشن جج اور ایڈیشنل سیشن جج کوئٹہ سے سیشن کورٹ مستونگ آ رہے تھے، واقعے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔
زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ پر حملہ ریاست پر حملہ ہے، دہشت گردوں کو ہر قیمت پر انجام تک پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ قانون کے محافظوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، دہشت گردی کے ہر نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔


