میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
محکمہ تعلیم سندھ کا ایک اوراسکینڈل ،ایڈیشنل ڈائریکٹراساتذہ کے تربیتی ادارے سے سواکروڑروپے لے اڑا

محکمہ تعلیم سندھ کا ایک اوراسکینڈل ،ایڈیشنل ڈائریکٹراساتذہ کے تربیتی ادارے سے سواکروڑروپے لے اڑا

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۳ جون ۲۰۲۱

شیئر کریں

(رپورٹ: علی کیریو)محکمہ تعلیم سندھ میں ایک اور اسکینڈل سامنے آگیا، اضافی چارج رکھنے والے ایڈیشنل ڈائریکٹر عنایت اللہ شیخ اساتذہ کے تربیتی ادارے سے ایک کروڑ 25 لاکھ روپے لے اُڑے، گریڈ 19 کے افسر عنایت اللہ شیخ نے چیف سیکریٹری اور سیکریٹری تعلیم کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے گریڈ 18،19 کے افسران کی تعیناتیاںکرکے قانون کی دھجیاں اڑادیں ہیں۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق ٹیچرز ٹریننگ انسٹیٹیوٹ سندھ میں تاحال گریڈ 20 کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کی تعیناتی نہیں کی گئی، گورنمنٹ ایلمنٹری کالج حیدرآباد کے پرنسپل گریڈ19 کے عنایت اللہ شیخ اضافی چارج کے نام پرگزشتہ برس اکتوبر سے کرسی پر براجمان ہیں،دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹیچرز ٹریننگ انسٹیٹیوٹ سندھ میں پہلے بھی ہارون لغاری کو اضافی چارج دیا گیا تھا۔ اضافی چارج کے باوجود عنایت اللہ شیخ اساتذہ کے تربیتی ادارے کی رواں مالی سال کے ایک کروڑ 25 لاکھ روپے کے بجٹ جاری کرکے لے اُڑے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک کروڑ 25 لاکھ روپے میں ایک روپیہ بھی ٹیچرز ٹریننگ انسٹیٹیوٹ سندھ میں خرچ نہیں کیا گیا اور اساتذہ کی تربیت کے نام پر جاری کروائی گئی رقم ہڑپ کی گئی ہے۔ عنایت اللہ شیخ نے غیرقانونی طور پر اپنے من پسند افسران کو ڈی ڈی او اختیارات کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، عنایت اللہ شیخ نے عبدال آصف کریم کو فارغ کرکے عبدالرئوف چوہان کو ایجوکیشن ٹیکنالوجی ریسورس سینٹر سانگھڑ کا ڈرائنگ اینڈ ڈسبرس آفیسر تعینات کیا، اس کے علاوہ عنایت اللہ شیخ نے گورنمنٹ ایلمنٹری کالج سانگھڑ کے ڈی ڈی او اختیارات رکھنے والے عبدال آصف کریم کو فارغ کرکے غلام مرتضیٰ شیخ کو پرنسپل تعینات کرکے ڈی ڈی او اختیارات دیے ۔ محکمہ تعلیم سندھ کے رولز کے مطابق ڈی ڈی او اختیارات دینے کا نوٹیفکیشن صرف سیکریٹری تعلیم ہی جاری کرسکتے ہیں، لیکن عنایت اللہ شیخ نے عبدالرئوف چوہان اور غلام مرتضیٰ شیخ کو ڈی ڈی او اختیارات دینے کا نوٹیفکیشن جاری کرکے قانون کی دھجیاں اڑادیں ہیں۔ گورنمنٹ ایلمنٹری کالج کے پرنسپل گریڈ 19 کے افسر عنایت اللہ شیخ نے گریڈ 19 کی ایسوسی ایٹ پروفیسر فرزانہ شیخ کو گورنمنٹ ایلمنٹری کالج حیدرآباد (وومن) میں تعینات کردیا ہے، جبکہ گریڈ 19 کی تعیناتی صرف چیف سیکریٹری سندھ ہی کرسکتے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں