کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں اربوں روپے کا اسکینڈل
شیئر کریں
کراچی ڈولپمنٹ اتھارٹی میں اربوں روپے کا اسکینڈل ، کے ڈی اے 2 ارب 59 کروڑ روپے کی واجبات افسران سے وصول کرنے میں ناکام ہوگیا،انتظامیہ اور افسران کے مک مکا سے اربوں روپے کی وصولی نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ جراٗت کی رپورٹ کے مطابق محکمہ بلدیات سندھ کے ماتحت کراچی ڈولپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ مالی سال 2016-17 سے مالی سال 2020-21 تک 4 سال کے دوران متعلقہ افسران سے 2 ارب 59 کروڑ 40 لاکھ روپے وصول نہیں کرسکی، جس میں ڈائریکٹر فنانس اینڈ اکائونٹس کراچی سے 2 ارب 12 کروڑ 60 لاکھ روپے وصول نہیں ہوسکے، کے ڈی اے کے ڈائریکٹر محصولات سے 40 کروڑ 80 لاکھ روپے وصول نہیں کئے گئے، وصول نہ ہونے والی رقم میں پلاٹس کے الاٹیز کی بڈ ویلیو کی رقم ، پلاٹ الاٹیز پر سرچارج شامل ہے، جبکہ ڈائریکٹر پارکس الاٹیز سے کرائے کی مد میں 80 لاکھ روپے وصول نہیں کرسکے، کراچی ڈولپمنٹ اتھارٹی کوڈھائی ارب روپے وصول نہ ہونے کے باعث مالی مشکلات ہیں اور ادارہ اربوں روپے کے روینیو سے محروم ہے، آڈٹ حکام نے کے ڈی اے انتظامیہ کو اکتوبر 2020 میں بھاری رقوم وصول نہ ہونے کے متعلق آگاہی دی لیکن انتظامیہ رقم کی وصولی کے لئے کوئی اقدامات نہیں کرسکی۔ کے ڈی اے افسران کا کہنا ہے کہ کراچی ڈولپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ، افسران،پلاٹوں کے الاٹیز اور دیگر رقم ادا کرنے والے کلائینٹس میں مک مکا کے باعث رقم وصول نہیں ہورہے، انتظامیہ افسران اور الاٹیز سے مبینہ طور پر کروڑوں روپے رشوت لیتی ہے بدلے میں افسران اور الاٹیز سے رعایت برتی جاتی ہے اور نادہندگان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جاتا جس کے باعث قومی ادارہ بھاری روینیو سے محروم ہے۔