جنگ بندی میں توسیع ، وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کا صدر ٹرمپ سے اظہارِ تشکر
شیئر کریں
اسلام آباد میں امن معاہدے کی امید،تنازع کے مستقل خاتمہ کیلئے مذاکرات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار
پاکستان پر کیے گئے اعتماد کے ساتھ ملک تنازع کے مذاکراتی حل کیلئے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا، پیغام
وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ اپنی جانب سے اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی طرف سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے جنگ بندی میں توسیع کی درخواست کو خوش دلی سے قبول کیا تاکہ جاری سفارتی کوششیں آگے بڑھ سکیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان پر کیے گئے اعتماد کے ساتھ ملک تنازع کے مذاکراتی حل کے لیے اپنی سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں فریق جنگ بندی پر عملدرآمد جاری رکھیں گے اور اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے دوسرے دور کے دوران ایک جامع امن معاہدے تک پہنچنے میں کامیاب ہوں گے، جس سے تنازع کا مستقل خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔


