سندھ ٹیکنیکل بورڈ، سالانہ امتحانات 2026 کا شیڈول جاری ، نقل کی روک تھام کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل
شیئر کریں
ڈی اے ای کے امتحانات 27 جبکہ ڈپلومہ اِن کامرس اور بزنس ایڈمنسٹریشن کے امتحانات 28 جولائی سے شروع ہوں گے، ناظم امتحانات
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن (ایس بی ٹی ای) نے سالانہ امتحانات 2026 کے مختلف ڈپلومہ پروگرامز کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ امتحانات کا آغاز 27 اور 28 جولائی سے سندھ بھر کے مقررہ امتحانی مراکز میں ہوگا۔
بورڈ نے امتحانات کے شفاف، منظم اور میرٹ پر انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ترجمان سندھ ٹیکنیکل بورڈ اور ناظم امتحانات زوہیب احمد خان کے مطابق ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئر (DAE) سیکنڈ ایئر (مارننگ و ایوننگ)، ریگولر اور ریپیٹر کے سالانہ امتحانات پیر 27 جولائی 2026 سے شروع ہوں گے، جبکہ ڈپلومہ اِن کامرس (پارٹ اول و دوم) اور ڈپلومہ اِن بزنس ایڈمنسٹریشن (پارٹ اول و دوم) کے سالانہ امتحانات منگل 28 جولائی 2026 سے سندھ بھر میں منعقد کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی کے تمام متعلقہ تعلیمی اداروں کے سربراہان اپنے اتھارٹی لیٹر کے ہمراہ سندھ ٹیکنیکل بورڈ کے دفتر سے امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈز وصول کریں، جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع کے تعلیمی اداروں کو ایڈمٹ کارڈز بذریعہ ڈاک یا کوریئر ارسال کیے جا رہے ہیں۔
امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بروقت اپنے متعلقہ اداروں سے ایڈمٹ کارڈ حاصل کر لیں۔ترجمان کے مطابق امتحانات روزانہ دوپہر 2:00 بجے سے شام 5:00 بجے تک منعقد ہوں گے، جبکہ جمعہ کے روز امتحانی اوقات دوپہر 2:30 بجے سے شام 5:30 بجے تک ہوں گے۔
امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امتحانی مراکز میں مقررہ وقت سے پہلے پہنچیں اور اصل ایڈمٹ کارڈ کے ساتھ ضروری شناختی دستاویز بھی لازمی ہمراہ رکھیں۔
زوہیب احمد خان نے بتایا کہ چیئرمین سندھ ٹیکنیکل بورڈ کی ہدایات پر امتحانات کی نگرانی کے لیے خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو کراچی سمیت سندھ بھر کے امتحانی مراکز کے اچانک دورے کریں گی۔
یہ ٹیمیں امتحانی عمل کی نگرانی، نقل کی روک تھام اور امتحانی ضابط اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں گی۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی امیدوار کو امتحانی مرکز کے اندر موبائل فون، اسمارٹ واچ یا کسی بھی قسم کی الیکٹرانک کمیونیکیشن ڈیوائس لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
خلاف ورزی کی صورت میں سندھ ٹیکنیکل بورڈ کے امتحانی قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سندھ ٹیکنیکل بورڈ نے تمام امیدواروں، نگران عملے اور تعلیمی اداروں کے سربراہان سے اپیل کی ہے کہ امتحانات کے پرامن، شفاف اور منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے بورڈ کی جاری کردہ ہدایات اور امتحانی ضابط اخلاق پر مکمل عمل کریں۔


