میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
مہاجر ایک قوم، ملکی وسائل پر مہاجروں کا حق تسلیم کیا جائے،آفاق احمد

مہاجر ایک قوم، ملکی وسائل پر مہاجروں کا حق تسلیم کیا جائے،آفاق احمد

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۲ اپریل ۲۰۲۶

شیئر کریں

مہاجر ایک قوم، ملکی وسائل پر مہاجروں کا حق تسلیم کیا جائے،آفاق احمد
ساڑھے چار لاکھ بچوں کے مستقبل سے کھیلا جارہا، اسکول اور اساتذہ بکے ہوئے ہیں،چیئرمین مہاجرقومی موومنٹ
مہاجر قوم، قوم پرست بنے، ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوجائے، خدارا خود کو مہاجر تحریک سے جوڑیں،عید ملن پارٹی سے خطاب

مہاجرقومی موومنٹ (پاکستان)کے چیئرمین آفاق احمد نے بندھانی کالونی میں اپنے اعزاز میں دی گئی عید ملن پارٹی میں شرکت کی۔ عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر ایک قوم ہے، جس طرح اس ملک پر سندھی پنجابی بلوچی یا پختون کا حق ہے اسی طرح اس ملک کے وسائل پر میری قوم کا بھی حق ہے، جب تک مہاجروں کو اقتدار میں دیگر قوموں کی طرح حصہ نہیں دیا جائے گا اسوقت تک یہ شہر اور ملک ترقی نہیں کرسکتا۔آفاق احمد نے کہا کہ میری قوم نے اس شہر میں اچھا وقت دیکھا ہے، کل تک کے ایم سی،کے ڈی اے میں ملازمتیں تھیں، اس شہر کے فیصلے میری قوم کرتی تھی لیکن آج ہماری نسل دوسروں کی غلامی میں جی رہی ہے،آج ایک اسسٹنٹ کمشنر ایک نوٹس چپکاکر چلا جائے تو ہم مارکیٹ نہیں کھول سکتے،آج ہم اپنے بچوں کو غیروں کی غلامی خاموشی سے پروان چڑھا رہے ہیں، یہ ہمارا اپنے بچوں پر وہ ظلم ہے جسے ہماری آنے والی نسلیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ آفاق احمد نے کہا کہ آج ساڑھے چار لاکھ بچوں سے مستقبل سے کھیلا جارہا ہے، اسکول بکے ہوئے ہیں، اساتذہ بکے ہوئے ہیں، امتحان سے چھ دن پہلے لاڑکانہ سے لاکر میٹرک بورڈ کا چیئرمین بٹھا دیا گیا کیونکہ یہ کمانے کا سیزن ہے، امتحانات میں مال بٹورنا ہے لیکن آپ آرام سے بیٹھے ہوئے ہیں، میں پوچھتا ہوں اپنے بچوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی اور ظلم پر مہاجروں کا خون کیوں نہیں کھولتا ۔ آفاق احمد نے کہا ہماری بے حسی اور خاموشی کی وجہ سے ہزاروں میل دور سے آنے والے لوگ بدمعاشی کرتے ہیں اور ہم خاموش رہتے ہیں کیونکہ آپ نے سوچ لیا ہے کہ جو سب کے ساتھ ہوگا وہ ہمارے ساتھ ہوگا، یہ اپنی قوم سے دشمنی ہے، یہ اپنے بچوں سے دشمنی ہے اور یہ دشمنی اسوقت ختم ہوگی جب ہم قوم پرست بنیں گے اور قوم پرست بننے کیلئے متحد ہونا پڑے گا کیونکہ اگر اتحاد نہ کیا اور منتشر رہے تو لوگ تم کو ایڑھی کے نیچے مسل دیں گے۔ آفاق احمد نے کہا کہ مجھے اس بات سے سروکار نہیں کہ آپ الیکشن میں کس کو ووٹ ڈالتے ہیں، میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ مہاجر قوم ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوجائے۔ آخر میں انہوں نے مہاجر قوم سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ خدارا خود کو مہاجر تحریک سے جوڑیں اور ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوجائیں اسی میں مہاجر قوم کی بقا اور آپکے بچوں کا مستقبل پوشیدہ ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں