میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پاکستان وائٹ واش سے بچ گیا،آخری میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست

پاکستان وائٹ واش سے بچ گیا،آخری میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست

ویب ڈیسک
پیر, ۲۲ جنوری ۲۰۲۴

شیئر کریں

پاکستان کی ٹیم نیوزی لینڈ کے ہاتھوں وائٹ واش کی ہزیمت سے بچ گئی، پانچویں ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دیدی،پاکستان کے 135 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 17.2 اوورز میں 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی ،شاندار باؤلنگ کارکردگی پر افتخار احمد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا،نیوزی لینڈ نے 5 میچز کی سیریز میں 1ـ4 سے کامیابی حاصل کی۔کرائسٹ چرچ میں جاری سیریز کے پانچویں میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ نے ایک بار پھر مداحوں کو مایوس کیا اور 8 وکٹوں کے نقصان پر 20 اوورز میں صرف 134 رنز بنا سکی۔پاکستانی اوپنر حسیب اللہ اپنے ڈیبیو میچ میں پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے ٹم ساؤتھی کی گیند پر گلین فلپس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے ۔محمد رضوان سب سے زیادہ اسکور کرنے والے بلے باز رہے جنہوں نے 38 گیندوں پر 38 رنز اسکور کیے ۔فخر زمان 33، صاحبزادہ فرحان 19 اور بابر اعظم 13 رنز بنا سکے ، تمام بلے باز کیچ آؤٹ ہوئے ۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی اور میٹ ہنری نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، اس کے علاوہ لوکی فرگوسن اور ایش سودھی بھی 2،2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔135 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن ابتدا میں ہی لڑکھڑا گئی، کیوی ٹیم کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب رچن روندرا آؤٹ ہوئے ، وہ صرف ایک رن بنا کر محمد نواز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے ، ان کے بعد فن ایلن 22 رنز بنا کر زمان خان کی گیند پر حسیب اللہ کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے ۔ان کے بعد افتخار احمد نے ٹم سیفرٹ کو ایل بی ڈبلیو کیا، ول ینگ 22 رن بنا کر محمد نواز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ مارک چیپمین ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے ۔گیلن فلپس 26 رنز، مچل سینٹر 4 رنز، میٹ ہنری، ایش سودھی ایک ایک رن اور لوکی فرگوسن بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ۔اس طرح پوری کیوی ٹیم 18 ویں اوور میں 92 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور یوں اسے 42 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پاکستان کی جانب سے افتخار احمد نے تین، شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے 2، 2 وکٹیں جبکہ زمان خان اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔شاندار باؤلنگ کارکردگی پر افتخار احمد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جب کہ 5 میچوں کی سیریز میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے پر کیوی بلے باز گلین فلپس کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔قبل ازیں پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 46 رنز سے شکست دی جبکہ دوسرے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ نے 21 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔تیسرے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کو مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 45 رنز سے باآسانی شکست دے دی تھی جبکہ چوتھے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔کھیلے جانے والے آخری ٹی 20 میچ کیلئے قومی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی تھیں، صائم ایوب، حارث رؤف اور وسیم جونیئر کو آرام دیا گیا جبکہ نوجوان وکٹ کیپر بیٹر حسیب اللہ نے اپنے پہلے انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی کیرئیر کا آغاز کیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں