شمالی، جنوبی وزیرستان میں جھڑپیں، 6 جوان شہید،12 خوارج ہلاک
شیئر کریں
شمالی اور جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں سے جھڑپوں کے دوران 12 خوارج ہلاک جبکہ 6 جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپوں کے 2 واقعات ہوئے، 19 ستمبر کو پاک افغان سرحد پر 7 دہشت گردوں کی نقل و حرکت دیکھی گئی، دہشت گردوں کا گروپ پاکستان میں دراندازی کی کوشش کر رہا تھا، سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے ا سپن وام میں ان دہشت گردوں کا سراغ لگایا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے خوارجیوں کو مؤثر انداز میں گھیر لیا تھا اور تمام 7 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے 6 بہادر سپوت بھی بہادری سے لڑتے ہوئے وطن پر قربان ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دوسرا واقعہ جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں پیش آیا، دہشت گردوں کے گروپ نے لدھا میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا، سکیورٹی فورسز نے مقابلہ کرتے ہوئے 5 خوارجیوں کو ہلاک کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں ہتھیار، دھماکا خیز مواد اور گولیاں برآمد کر لی گئیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں خوارجیوں کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز نے ملک میں دہشت گردی ختم کرنے کا عزم کر رکھا ہے، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔