میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
عمران خان کی 3 سالہ قید، پی ٹی آئی کا 5/اگست کو احتجاج کا اعلان

عمران خان کی 3 سالہ قید، پی ٹی آئی کا 5/اگست کو احتجاج کا اعلان

جرات ڈیسک
منگل, ۲۱ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

آئین، قانون کی بالادستی اور حقیقی جمہوریت کیلئے جدوجہد جاری رہے گی، عمران خان کی رہائی تک پیچھے نہیں ہٹیں گے،سندھ حکومت کوشدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا

عوام اپنی آواز بلند کرتے ہوئے بانی کی رہائی، آئین، جمہوریت، عوامی مینڈیٹ کی بحالی، مہنگائی کے خاتمیکیلئے جدوجہد میں بھرپور حصہ لے، سلمان اکرم راجا

…………………….

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل بیریسٹر سلمان اکرم راجہ کراچی پہنچے جہاں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کے بھائی کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا، مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کراچی کے صدرراجہ اظہر، جنرل سیکریٹری ارسلان خالد، پی ٹی آئی سندھ کے رہنما کراچی ڈویژن کے رہنما، اراکین سندھ اسمبلی، انصاف لائرز فورم، وومن ونگ، یوتھ ونگ اور پارٹی کے دیگر عہدیداران و کارکنان بھی موجود تھے۔

بعد ازاں بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے پی ٹی آئی سندھ کی قیادت اور تنظیمی عہدیداروں سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں ملک اور خصوصاً سندھ کی موجودہ سیاسی صورتحال، تنظیمی امور اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ 5 اگست کو عمران خان کی ناحق قید کو تین سال مکمل ہونگے5 اگست کو ملک بھر میں یومِ سیاہ منایا جائے گا اور پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ اپنی آواز بلند کرتے ہوئے عمران خان کی رہائی، آئین، جمہوریت اور عوامی مینڈیٹ کی بحالی، مہنگائی کے خاتمے کی جدوجہد میں بھرپور حصہ لے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان گزشتہ تین برس سے ناحق پابندِ سلاسل ہیں اور ان کی رہائی کے لیے پاکستان تحریک انصاف پورے ملک میں پرامن اور آئینی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اس موقع پر بیریسٹر سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،

نوجوان روزگار کے بہتر مواقع نہ ملنے پر بیرونِ ملک جانے پر مجبور ہیں جبکہ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں انتہائی زیادہ ہیں، جس کے باعث عام آدمی شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے اور غریب مزید غریب جبکہ امیر مزید امیر ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ اٹھارہ برسوں کے دوران سندھ کے وسائل کو بری طرح نقصان پہنچایا گیا۔ سندھ کا کاشتکار اور ہاری شدید مشکلات سے دوچار ہے، انہیں آبپاشی کے لیے پانی میسر نہیں، جبکہ صوبے کی سڑکوں اور بنیادی انفراسٹرکچر کی حالت انتہائی خراب ہو چکی ہے۔ بیریسٹر سلمان اکرم راجہ نے سندھ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے آئینی اور جمہوری حقوق کے لیے آواز بلند کریں اور پاکستان تحریک انصاف کی حقیقی آزادی کی تحریک کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 15، 17 اور 19 ہر شہری کو نقل و حرکت، تنظیم سازی اور اظہارِ رائے کی آزادی کا بنیادی حق دیتے ہیں، جن کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیریسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ سندھ کی پوری تنظیم متحرک اور منظم انداز میں عوام کے حقوق کی جدوجہد کر رہی ہے، جس پر وہ تمام کارکنوں اور قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جدوجہد کسی ایک شخصیت کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کی بقا، آئین کی سربلندی، قانون کی حکمرانی اور غریب عوام کی خوشحالی کے لیے ہے۔ بیریسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان ملک کی حقیقی آزادی کی جدوجہد کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف حصوں میں بے یقینی کی کیفیت ہے اور ایسے حالات میں تمام وہ لوگ جو آئین، قانون کی بالادستی اور حقیقی جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، انہیں اس قومی جدوجہد میں شامل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سندھ کی قیادت فسطائی طرزِ حکمرانی کا بھرپور مقابلہ کر رہی ہے اور کارکن ثابت قدمی کے ساتھ عوامی حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آنے والی نسلوں کے محفوظ، خوشحال اور جمہوری مستقبل کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام کے آئینی، جمہوری اور معاشی حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے اور سندھ کے عوام کو چاہیے کہ وہ اس جدوجہد میں پارٹی کا بھرپور ساتھ دیں تاکہ ملک میں آئین، قانون کی حکمرانی، حقیقی جمہوریت اور عوامی فلاح پر مبنی نظام قائم کیا جا سکے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں