کراچی کے میٹرک امتحانات میں نقل مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن،4 ملزمان گرفتار
شیئر کریں
ملیر، سرجانی ٹائون ، نیو کراچی، گلشن کے علاقوں میں چھاپے،شہر میں نقل مافیا کے 8سے 10منظم گروہ سرگرم
مبین ، اسامہ، بلال، عبدالرزاق کے 13گروپس میں تقریبا 13ہزار طلبہ ممبرز ہیں، ڈی آئی جی سی آئی اے
کراچی میں میٹرک بورڈ کے جاری امتحانات کے دوران نقل مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈائون شروع کر دیا گیاہے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کے احکامات پر سی آئی اے نے ٹیکنیکل اور ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے منظم نقل اور پیپر لیک میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں۔ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر کے مطابق مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران 4 گینگ سرغنہ گرفتار کیے گئے جن میں مبین خان، اسامہ، بلال اور عبدالرزاق شامل ہیں۔ ملزمان کو ملیر، سرجانی، نیو کراچی اور گلشن کے علاقوں سے حراست میں لیا گیا۔پولیس حکام نے کہا کہ ملزمان طلبہ سے پیپر لیک کی گارنٹی دیکر لاکھوں روپے کما چکے ہیں، رقم مختلف آن لائن بینکنگ چینلز کے ذریعے وصول کی جاتی تھی۔ پولیس کے مطابق شہر میں نقل مافیا کے 8سے 10منظم گروہ سرگرم ہیں جن میں ایک مرکزی گروہ مبین خان کا بتایا جا رہا ہے جس کے مبینہ طور پر 13 گروپس میں تقریبا 13 ہزار طلبہ ممبرز ہیں۔ مبین خان سندھ مدرستہ الاسلام میں سائبر سیکیورٹی فائنل کا طالبعلم ہے۔گرفتار دیگر ملزمان میں انٹر کا طالبعلم بھی شامل ہے، ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔ ڈی آئی جی سی آئی اے نے واضح کیا ہے کہ نقل مافیا میں ملوث کسی بھی فرد کو نہیں چھوڑا جائے گا۔


