حکومتی نمائندوں کامذاکرات کے لیے پاکستان تحریک انصاف سے رابطہ
شیئر کریں
ملک میں الیکشن کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے مابین مذاکرات کی کوششیں جاری ہیں اوراس حوالے سے حکومت کے نامزد کردہ نمائندوں نے مذاکرات کے لیے اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف سے رابطہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ وفاقی وزراء، اعظم نذیر تارڑ، سعد رفیق اور ایاز صادق نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے رابطہ کیا ہے اور انہیں مذاکرات کی دعوت دی ہے۔ اسد قیصر نے حکومتی نمائندوں کے رابطے پر پارٹی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر کو آگاہ کر دیا ہے۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ رابطہ کرنا اچھی بات ہے اور ہم اس کا خیر مقدم بھی کرتے ہیں تاہم خیال ہے کہ یہ صرف اور صرف تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔ حکومتی نمائندے سپریم کورٹ میں دوران سماعت آگاہ کر دیں۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی حکومت کی جانب سے مذاکرات کی دعوت ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزراء، اعظم نذیر تارڑ، سعد رفیق اور ایاز صادق نے رابطہ کیا تھا۔ وفاقی وزراء نے ایم کیو ایم اور بی اے پی کی موجودگی میں مذاکرات کی دعوت دی ہے۔ اسد قیصر کا اس ملاقات کے حوالے سے کہنا تھا کہ ہمارے دروازے مذاکرات کے لیے ہر وقت کھلے ہیں اور حتمی ٹائم فریم کے تناظر میں مذاکرات کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں تاہم اس کے لیے سنجیدگی شرط ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہم نے حکومت کی جانب سے رابطے پر حکومتی ٹیم کو کہا ہے کہ وہ مذاکرات پر اپنا موقف تحریری طور پر عدالت میں جمع کرائیں۔