نگراں وفاقی کابینہ میں ن لیگ کے لوگ بیٹھے ہیں، سید خورشید شاہ
شیئر کریں
پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ زرداری نے بلاول کے ہاتھ کھول دیے تو 80 والی دہائی میں واپس چلے جائیں گے۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کے دوران سید خورشید شاہ نے اپنا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ نگراں وفاقی کابینہ میں ن لیگ کے لوگ بیٹھے ہیں، بہت سے عہدیدار ن لیگ کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں ن لیگ کی حکومت ہے توشکوہ بھی ان سے ہی ہے، ن لیگ والے اپنے ہیں اور شکایت اپنوں سے ہی کی جاتی ہے۔ ن لیگ کے حوالے سے پی پی رہنما نے کہا کہ آصف زرداری کا موقف ہم سے اچھا ہے وہ ن لیگ سے لڑنا نہیں چاہتے، ہماری قیادت نے ن لیگ سے بات نہیں کی توکرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری نے بلاول کے ہاتھ کھول دیے تو 80والی دہائی میں واپس چلے جائیں گے، ہمارا مطالبہ ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کی جائے۔ نواز شریف کی واپسی کے سوال پر خورشید شاہ نے کہا کہ پہلے بھی کہتے تھے نواز شریف کو وطن واپس آنا چاہیے، ہمیں خوشی ہے کہ نوازشریف واپس آرہے ہیں۔ انھوں نے شکوہ کیا کہ نون لیگ والوں کو دوست سمجھتے ہیں لیکن سندھ میں ترقیاتی کام رک گئے اور پنجاب میں دھڑادھڑ کام ہو رہا ہے، سندھ کی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں ہوئی اور پنجاب میں نہیں۔