پرائز بونڈ کی آڑ میں اسرائیلی ،بھارتی کرنسی کی فروخت پکڑی گئی
شیئر کریں
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)اینٹی کرپشن سرکل نے بولٹن مارکیٹ میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران اسرائیلی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کو گرفتار کرلیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون ضعیم اقبال شیخ کی ہدایت پرایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل جاوید بلوچ کی نگرانی میں غیرقانونی کرنسی ڈیلرزکے خلاف کریک ڈائون جاری ہے،ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے شہر کے گنجان آبادی والے علاقے بولٹن مارکیٹ میں چھاپہ مارکارروائی کی، جس کے دوران غیرملکی کرنسی کی غیرقانونی خریدوفرخت میں ملوث 2ملزمان احمد رضا اورفیضان رضا کو گرفتارکیا گیا۔ایف آئی اے کے مطابق ملزمان پرائز بانڈ کے کاروبار کی آڑ میں غیرملکی کرنسی کی خریدوفرخت میں ملوث اور ملزمان اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی منظوری کے بغیر غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث تھے۔