ایران پر نئے حملے کی تیاری، امریکی طیارے اسلحہ لے کر اسرائیل پہنچ گئے
شیئر کریں
امریکا ایران جنگ کے بادل پھر منڈلانے لگے،امریکی صدر اور اسرائیلی وزیراعظم کی ایران جنگ دوبارہ چھڑنے کے امکان پر گفتگو ، ٹرمپ اس ہفتے قومی سلامتی ٹیم سے مشاورت کریں گے
پینٹاگون نے ایران میں اہداف کا چنا ئوکرلیا، توانائی اور انفرااسٹرکچر سمیت مزید اہداف کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کرلی،خطے میں سفارتی کوششوں کے مستقبل پر سوالات اٹھنے لگے، تجزیہ کار
امریکا ایران جنگ کے بادل پھر منڈلانے لگے۔امریکی صدر اور اسرائیلی وزیراعظم کی ایران جنگ دوبارہ چھڑنے کے امکان پر گفتگو کے بعد اسرائیلی فوج ہائی الرٹ ہے۔اسرائیل اور ایران کے درمیان ایک بار پھر کشیدگی بڑھنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں، جبکہ اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران درجنوں امریکی کارگو طیارے گولا بارود اور فوجی سازوسامان لے کر اسرائیل پہنچے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ امریکی طیارے مختلف فوجی اڈوں پر اترے جہاں اسلحہ، میزائلوں اور دیگر جنگی سامان کی ترسیل کی گئی۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ پیش رفت ایران کے خلاف ممکنہ نئی جنگی تیاریوں کا حصہ ہو سکتی ہے۔میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ حالیہ ہفتوں میں خطے کی صورتحال پہلے ہی انتہائی کشیدہ ہے اور امریکا کی جانب سے اسرائیل کو مسلسل فوجی سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے۔ اسی تناظر میں امریکی کارگو طیاروں کی آمد کو غیر معمولی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔اگرچہ امریکا یا اسرائیلی حکام کی جانب سے ان رپورٹس پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث کسی بھی وقت صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔دوسری جانب ایران پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ کسی بھی ممکنہ حملے یا دباؤ کا سخت جواب دیا جائے گا، جبکہ خطے میں جنگ بندی اور سفارتی کوششوں کے مستقبل پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔


