جیل بھرو تحریک کا ایسا جواب دیں گے جو وہم و گمان میں نہ ہوگا، رانا ثنا اللہ
شیئر کریں
پاکستان مسلم لیگ (ن)پنجاب کے صدر اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہاہے کہ عمرانی ٹولہ پچھلے 7 ماہ سے جدوجہد کر رہا ہے کہ ملک ڈیفالٹ کرے، ہماری کوشش ہے پاکستان ان بحرانوں سے نکلے ، جب بھی مشکل وقت آیا مسلم لیگ (ن)اور نواز شریف نے ملک کو بحرانوں سے نکالا،جیل بھرو تحریک کا ایسا جواب دیں گے جو وہم و گمان میں بھی نہیں ہوگا۔مسلم لیگ (ن)کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شیخ رشید کہہ رہا تھا کہ مسلم لیگ (ن)الیکشن سے بھاگ رہی ہے، میں کہتا ہوں یہ دیکھو مسلم لیگ (ن)کے ورکرز سے پنڈال بھرا ہوا ہے، یہ سارے الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہیں اور انشا اللہ اس مرتبہ راولپنڈی کی دونوں سیٹوں سے شیخ رشید اور ان کے بھتیجے کو بھی ہرائیں گے۔وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہماری صرف ایک رائے ہے ملک میں ایک ہی نگران حکومت ہو گی تو الیکشن صاف اور شفاف ہوں گے، آئین میں 90 روز میں الیکشن ہونے کا ذکر ہے تاہم وہاں یہ بھی ہے کہ پاکستان میں الیکشن کیئرٹیکر سیٹ اپ کے تحت ہوں گے۔