کراچی کا دوسرا ایدھی محمد احمد دوائی والا بھی چل بسے
شیئر کریں
کراچی کی معروف کاروباری شخصیت اورسماجی کارکن محمد احمد دوائی والا کو کراچی میں سپردخاک کر دیا گیا ۔ ان کا گذشتہ روز کراچی میں انتقال ہو گیا تھا۔ محمد احمد دوائی والا کراچی کی سرکردہ کاروباری شخصیت تھے تاہم ان کی اصل وجہ شہرت امدادی اور فلاحی سرگرمیاں تھیں۔ محمد احمد دوائی والا پوری زندگی جموں کشمیر کے ساتھ ساتھ پاکستان بھر میں فلاحی سرگرمیوں میں سرگرم رہے ۔ پاکستان کے علاوہ افغانستان، مصر، شام اور کئی دوسرے ملکوں میں بھی ان کے امدادی پراجیکٹ تھے ۔ محمد احمد دوائی والا کو فلاحی سرگرمیوں کی وجہ سے کراچی کا دوسرا ایدھی بھی کہتے ہیں۔ ریلیف آرگنائزیشن فار کشمیری مسلمز ”روکم” کے چیئرمین مولانا غلام نبی نوشہری نے محمد احمد دوائی والا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے لئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ آزادکشمیر بھر میں کئی امدادی منصوبے محمد احمد دوائی والا کے تعاون سے مکمل ہوئے ۔ غریب اور نادار افراد ان کی خصوصی توجہ کا مرکز تھے ۔ دوائی والا کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ نوشہری نے ان کی مغفرت کیلئے دعا کی۔ جماعت اسلامی آزادکشمیر کے سابق امیر عبدالرشید ترابی، سید صلاح الدین اور دوسری شخصیات نے بھی محمد احمد دوائی والا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ محمد احمد دوائی والا کی سماجی اور فلاحی سرگرمیاں نا قابل فراموش ہیں۔